زراعت کا شعبہ ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے ،ڈپٹی کمشنرڈیرہ غازی خان

16

ڈیرہ غازی خان،13 جون (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر ڈیرہ غازی خان  مہر شاہد زمان لک نے کہا ہے کہ  زراعت کا شعبہ ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے، غیرمعیاری کھاد اور پیسٹی سائیڈز کا کاروبار کرنے والوں کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا۔

 ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا ۔ اجلاس میں انہوں نے    متعلقہ افسران کو ہدایت کی  کہ کسان بازاروں میں معیاری پیسٹی سائیڈز و کھاد کی دستیابی یقینی بنائی جائے اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ متعلقہ اسسٹنٹ کمشنرز   پرائس کنٹرول اور  سینٹری ورکرز کی حاضری بھی یقینی بنائیں کیونکہ  اگر  ہمارا کسان خوش حال ہو گا تو ملک خوش حال ہو گا۔ انہوں نے ریونیو سٹاف کو گراں فروشوں کے  خلاف کارروائی اور محاصل وصولی کیلئے علی الصبح فیلڈ میں نکلنے کے علاوہ  عیدالاضحیٰ  انتظامات کی ورکنگ جاری رکھنے کی ہدایت کی۔انہوں نے کہا کہ کاشتکاروں کی کپاس کے  نمونے  لینے کا عمل جاری رکھا جائے اور اسسٹنٹ کمشنرز چیف سیکرٹری انیشیٹیوز پر عمل درآمد کیلئے سٹاف کو فعال  رکھیں۔انہوں نے کہا کہ صفائی کی مانیٹرنگ جاری رکھی جائے  اور فرائض میں غفلت برتنے والوں کو  نوکریوں سے فارغ کیا جائےگا۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ممکنہ سیلاب کے خدشہ کے پیش نظر اسسٹنٹ کمشنرز الرٹ رہیں اور نالوں کی صفائی کو یقینی بنایا جائے۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز رضوان نذیر،محمداسد چانڈیہ،اسسٹنٹ کمشنرز عثمان غنی،زاہد اقبال،غلام مرتضیٰ،سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر ادریس لغاری، ڈی او انڈسٹریز اصغر صدیقی،ڈپٹی ڈائریکٹر غلام محمد،سی او آصف قریشی،محمد سلمان اور ریونیو افسران  نے شرکت کی۔