سعودی عرب کے وزیر میڈیا سلمان بن یوسف الدوساری کا حج 2023 کی کوریج کےلئے قائم پریس آپریشن روم کا دورہ

60

مکۃ المکرمہ،26جون  (اے پی پی):سعودی عرب کے وزیر میڈیا  سلمان بن یوسف الدوساری نے حج  2023 کی کوریج کےلئے قائم پریس آپریشن روم کا  دورہ کیا اور تمام امور کا جائزہ لیا تاکہ حج کی کوریج کرنے والے صحافیوں کے کام کو آسان بنایا جا سکے ۔ اس موقع پر وزیر میڈیا کو پریس آپریشن روم کی خدمات اور کام کے طریقہ کار پر بریفنگ دی گئی۔  انہوں نے ورچوئل پریس سنٹر (VPC) میں کام کی پیشرفت کا بھی جائزہ لیا، جو اس سال کے حج سیزن کی کوریج کرنے والے 1100 سے زیادہ مقامی اور بین الاقوامی صحافیوں کو ویڈیوز اور تصاویر سمیت میڈیا سروسز فراہم کرتا ہے۔

 اپنے آغاز کے بعد سے، وی پی سی نے صحافیوں کو 1500 سے زیادہ پریس مواد کی  دستیابی کو یقینی بنایا ہے اور پیر سے شروع ہونے والے حج کے تین دنوں تک پانچ زبانوں میں حج پریس کانفرنس بھی نشر کرے گا۔

 وزیر میڈیا نے سعودی پریس ایجنسی (ایس پی اے) کے پریس آپریشن روم کا بھی دورہ کیا، جس کے ذریعے مقدس مقامات پر فیلڈ رپورٹرز کے ساتھ نگرانی اور ہم آہنگی برقرار رکھی جاتی ہے۔  یہ اپریشن روم منی، عرفات اور دیگر مقدس مقامات پر ایس پی اے کے قائم کردہ چار دیگر میڈیا مراکز میں سے ایک ہے جو بین الاقوامی خبر رساں ایجنسیوں کو بھی سپورٹ کرتے ہیں۔

  الدوسری کوایس پی اے کی کوششوں کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ انہوں نے حج سیزن کی کوریج کرنے  والے متعدد سرکاری اداروں کے میڈیا رابطہ افسران سے بھی ملاقات کی، جن کے ساتھ انہوں نے تعاون بڑھانے کے طریقوں اور مشترکہ پریس ورک پر تبادلہ خیال کیا۔

 وزیر میڈیا نے جنرل کمیشن فار آڈیو ویژول میڈیا کے ہیڈ کوارٹرز کا بھی دورہ کیا، جہاں انہیں ان خدمات اور سہولیات کے بارے میں بریفنگ دی گئی جو اس کی جانب سے مقامی اور بین الاقوامی رپورٹرز کو حج کے مناسک کا احاطہ کرنے کے لیے فراہم کی جاتی ہیں۔ انہوں نے عرفات میں وزارت میڈیا کے ہیڈکوارٹرز میں ہونے والے کام اور سالانہ حج کو کور کرنے میں استعمال ہونے والی ٹیکنالوجیز کا بھی جائزہ لیا۔

سلمان بن یوسف الدوساری  نے جمرات پل پر واقع سعودی براڈ کاسٹنگ اتھارٹی کے اسٹوڈیوز کا دورہ کیا اور انہیں مناسک حج کی کوریج میں استعمال ہونے والی ٹیکنالوجیز کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ انہوں نے عرفات میں ایس پی اے کے میڈیا سنٹر کا بھی دورہ کیا جو اس مقام پر صحافیوں اور بین الاقوامی میڈیا پارٹنرز کے کام کو آسان بنانے کے لیے تمام ضروری تیاریوں سے لیس ہے۔

 الدوساری نے اس کے بعد منی میں وزارت کے ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا اور اس کی تیاریوں اور خدمات کا جائزہ لیا۔  انہوں نے وزارت کے ہیڈکوارٹرز کے اندر بین الاقوامی صحافیوں کے لیے مختص میڈیا سنٹر کا بھی دورہ کیا، جہاں انہوں نے کوریج کرنے والے متعدد صحافیوں سے ملاقات کی۔

 وزیر میڈیا  نے وزارت کے تمام ملازمین اور اس سے منسلک حکام کا شکریہ ادا کیا جو حج کے سیزن کی کوریج میں حصہ لیتے ہیں، اور  خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی طرف سے حاجیوں کی خدمت اور حج کے سفر میں سہولیات کی فراہمی کے لیے موثر اقدامات کو اُجاگر کیا ۔