سکھر: عید قربان کی آمد کیساتھ چاقو چھریاں تیز دکانوں پر رش 

30

سکھر،28جون(اے پی پی):عید قرباں پر جہاں عوام قربانی کے جانوروں کے ناز نخرے اٹھانے میں مصروف ہیں، وہیں جانور ذبح کرنے کے لئے چھریوں اور گوشت بنانے کے مختلف اوزار بنانے والوں کا کاروبار بھی چمک اٹھا ہے۔

 عید الاضحٰی کے قریب آتے ہی شہر کی مارکیٹوں میں مختلف اقسام کی چھریاں تیز کرنے، قربانی کے اوزاروں کی تیاری اور مرمت کرنے والوں کے کام میں بھی تیزی آگئی ہے جبکہ چھریوں کے نرخ بھی ان کے دھار کی طرح تیز ہیں اور یہ 100 روپے سے لے کر 1500 روپے تک مختلف مارکیٹوں میں دستیاب ہیں جبکہ ان کی دھار لگانے کے نرخ 30 سے 100 روپے تک پہنچ چکے ہیں۔

ریٹیل اور ہول سیل مارکیٹوں میں مختلف اقسام کی چھریاں اور چاقو کے اسٹالز لگے ہوئے ہیں دکانداروں کے مطابق گزشتہ سال کی نسبت اس سال ان اشیاءکی قیمتوں میں 15 سے 20 فیصد کا اضافہ ہوا ہے جس کا سبب مہنگائی اور لوڈشیڈنگ بھی بتائی جاتی ہے۔

 چھریوں اور گوشت بنانے کے مختلف اوزار بنانے والوں کے اسٹالز لگنے سے جہاں عوام کو چھریوں کی مرمت اور خریداری میں آسانی ہے وہیں اس کاروبار سے منسلک افراد کی بھی چاندی ہوگئی ہے۔چھری چاقو بنانے والوں کا کہنا ہے کہ عام دنوں کی نسبت بکرا عید پر ان کا کام دگنا ہو جاتا ہے واضع رہے کہ عید قربان کے موقع پر تکے بنانے کے لیے کوئلوں کی خریداری بھی عروج پر ہے جو تکہ پارٹی کا لازمی جز ہے۔