غیر قانونی ہاؤسنگ سکیموں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کی جائے گی،بیرسٹر سید اظفر علی ناصر

10

ملتان،08 جو ن(اے پی پی):نگران صوبائی وزیر ہاؤسنگ اربن ڈویلپمنٹ اینڈ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ اور وزیر اوقاف و مذہبی امور بیرسٹر سید اظفر علی ناصر نے میڈیا کانفرنس میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی محکموں کی کارکردگی کا جائزہ لینے کیلئے مدینہ اولیاءکا دورہ کیا،غیر قانونی ہاؤسنگ سکیموں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کی جائے گی،یم ڈی اے کو کالونیوں کے حوالے سے سخت ایس او پیز اپنانے کا ٹاسک دیا ہے تاکہ غیر قانونی کالونیوں کا خاتمہ کیا جا سکے،5 سال میں غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹیوں نے بہت جنم لیا ہے صوبے بھر میں بغیر نقشہ کمرشل عمارات کے خلاف ایکشن لیا جارہا ہے ماسٹر پلان کے مطابق ترقیاتی منصوبوں کو عملی جامہ پہنایا جائے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ نگران حکومت کا کام روزمرہ کے امور احسن انداز میں چلانا ہے 9 مئی کے واقعات نے پوری قوم کو رنجیدہ کیا اور سیاہ دھبہ لگایا ، پرامن احتجاج کے بجائے پرتشدد مظاہروں کی ترغیب دی گئی ، پرامن مظاہروں کی آڑ میں بغاوت اور دہشت گردی کو فروغ دیا گیا ۔

نگران صوبائی وزیر نے کہا کہ پاک فوج ہماری آن اور شان ہے اس پر کوئی سمجھوتہ ممکن نہیں فوجی و سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے والوں کا کڑا ٹرائل کیا جائے گا اور کہا 9مئی کے واقعات کے تناظر میں فوری انتخاب کا انعقاد ممکن نہیں دکھائی دیتا۔الیکشن ہونے تک نگران حکومت کا دورانیہ بڑھنے کی ماضی میں روایت رہ چکی ہے۔صوبائی وزیر نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ الیکشن کی تاریخ دینا الیکشن کمیشن کا کام ہے، جیسے ہی الیکشن کمیشن انتخاب کے شیڈول کا اعلان کرے گا، الیکشن کا انعقاد کرا دیا جائے گا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر عمر جہانگیر نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ نے بوگس ہاؤسنگ سکیموں کے خلاف کارروائی کا آغاز کردیا ہے۔