ملتان، 15 جون( اے پی پی): ایشین ڈویلپمنٹ بنک کے مالی تعاون سے کیبی کے زیر اہتمام ایگریکلچر سیکرٹریٹ کے کمیٹی روم میں ایک روزہ تربیتی ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا۔ ورکشاپ میں محکمہ زراعت پیسٹ وارننگ کے افسران کو فصلوں پر کیڑے مکوڑوں کی سرویلینس بارے اینڈرائڈ ایپلیکیشن کے متعلق تربیت فراہم کی گئی۔
اس موقع پر سیکرٹری زراعت جنوبی پنجاب ثاقب علی عطیل نے ٹریننگ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فصلوں پر کیڑے مکوڑوں کی سرویلنس کیلئے اینڈرائڈ کے استعمال سے ڈیجیٹائزڈ نظام متعارف کرانا عصر حاضر کے تقاضوں کے عین مطابق ہے، کووڈ۔ 19اور ٹڈی دل کی وبائی صورت کے بعد فوڈ سیکورٹی کو یقینی بنانے کے منصوبہ کے تحت ایشین ڈویلپمنٹ بنک اور کیبی کے تعاون سے پیسٹ وارننگ کے افسران کو کپاس کی کاشت کے علاقوں میں 91 ٹیبلیٹ فراہم کردئیے گئے ہیں، اس ایپ کے تحت پیسٹ سرویلنس کی ڈیجیٹائزیشن کی جارہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ڈیجیٹائزیشن پیسٹ سروے ملکی تاریخ میں پہلی بار آزمایا جارہا ہے۔ اس جدید اینڈرائڈ ایپلیکیشن سے فصلوں میں کیڑوں کی صحیح تعداد اور شدت بارے بروقت معلومات حاصل ہوسکیں گی اور جی پی ایس کے ذریعے فیلڈ سٹاف کی مانیٹرنگ میں بھی مدد ملے گی، اس ایپ کے ذریعے 50 سے زائد چھوٹی اور بڑی فصلوں کی پیسٹ سرویلنس کے ذریعے ڈیجیٹل ڈیٹا تیار ہوگا جبکہ پیسٹ سکاؤٹنگ ایپلیکیشن کے استعمال سے ہاٹ سپاٹ رپورٹس بروقت حاصل ہوسکیں گی۔
ثاقب علی عطیل نے متعلقہ افسران کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ اس اینڈرائیڈ ایپلیکیشن میں فائدہ مند کیڑوں کے نام اور تعداد بارے معلومات بھی شامل کی جائیں اور مبہم معلومات کی بجائے سادہ اور جلد سمجھ آنے والی معلومات شامل کی جائیں۔ ہاٹ سپاٹس الرٹ کے بارے میں معلومات بھی ایپ کا حصہ بنائی جائیں اس ایپلیکیشن کے استعمال سے یقیناً آئی پی ایم کے بارے میں بنیادی معلومات بھی حاصل ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ ٹیبلیٹ کے استعمال سے پیسٹ وارننگ کے افسران کی کارکردگی میں مزید بہتری آئے گی۔
ٹریننگ میں ڈائریکٹر پیسٹ وارننگ اینڈ کوالٹی کنٹرول ڈاکٹر غلام عباس، ڈپٹی ڈائریکٹرز ڈاکٹر عامر رسول، ذوالفقار غوری، نوید عصمت کاہلوں سمیت ملتان ڈویژن کے شعبہ پیسٹ وارننگ کے افسران نے شرکت کی۔