ملتان ؛ ڈینگی  کے عالمی دن  پر  نشترِ میڈیکل یونیورسٹی میں آگاہی  واک اور سیمینار کا انعقاد

11

ملتان،15 جون ( اے پی پی ): ڈینگی کے تدارک، روک تھام اور عوام میں شعور بیدار کرنے کے حوالے سے نشتر میڈیکل یونیورسٹی میں آگاہی واک اور سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ نشتر ایڈمنسٹریشن بلاک سے شروع ہونے والی یہ واک نشتر ٹاور پر اختتام پذیر ہوئی اور اس کی قیادت وائس چانسلر نشتر میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر رانا الطاف احمد نے کی۔

  واک میں پرو وائس چانسلر نشتر میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر مہناز خاکوانی، پرنسپل نشتر میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر راشد قمر راؤ، ایم ایس نشتر ہسپتال ملتان ڈاکٹر راؤ امجد علی خان ، اے ایم ایس ایڈمن ڈاکٹر علی مہدی، پرنسپل نشتر کالج آف نرسنگ میڈم طاہرہ پروین اور نرسنگ سپرنٹینڈنٹ نشتر ہسپتال میڈم سلمہ پروین سمیت ڈاکٹرز اور نرسنگ سٹاف کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

ماہرین کا سیمینار کے موقع پر کہنا تھا کہ ڈینگی سے محفوظ رہنے کے لیے احتیاطی تدابیر پر عمل کرنا بہت ضروری ہے۔ کسی بھی جگہ پر پانی کھڑا نہ ہونے دیا جائے تاکہ ڈینگی لاروا پرورش نہ پا  سکے۔

اس موقع پر وائس چانسلر نشتر میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر رانا الطاف احمد نے تمام سٹیک ہولڈرز کو  ڈینگی سرویلنس بارے اپنا فعال کردار ادا کرنے اور ایس او پیز پر سختی سے عمل کرانے کی ہدایت کی۔ سیمینار میں میزبانی کے فرائض ڈاکٹر نصرت بزدار نے ادا کئے ۔