اسلام آباد،22جون (اے پی پی):قومی اسمبلی میں آئندہ مالی سال 24-2023 کے وفاقی بجٹ اور سینیٹ سے موصول ہونے والی سفارشات پر بحث میں حصہ لیتے ہوئے ارکان نے کہا ہے کہ زرعی شعبہ پر خصوصی توجہ مرکوز کی جائے،سرمایہ کاروں کو ہرممکنہ سہولیات دی جائیں،ملک کو مسائل سےنکالنے کے لئے قومی اتفاق رائے پیدا کیا جائے،معیشت کو سیاست سے پاک کیا جائے۔
جمعرات کو قومی اسمبلی میں مسلم لیگ (ن) کے رکن محمد خان ڈاھا نے کہا کہ گزشتہ حکومت ملک کی شرح نمو منفی پر لے گئی ،آئندہ مالی سال کا بجٹ بہتری کی طرف ایک قدم ہے،اعلی تعلیم پر خصوصی توجہ مرکوز کی گئی ہے۔خانیوال میں بوائس سکائوٹس کالج اور کامسیٹس کا کیمپس قائم کیا جائے۔ برآمدات میں اضافہ کرکے زرمبادلہ کے ذخائر بڑھائے جاسکتے ہیں۔ ٹریکٹروں کی قیمتیں کم کی جائیں۔
پیپلز پارٹی کے رکن اسمبلی مہر ارشاد سیال نے کہا کہ پنشن میں اضافہ کیا جانا چاہیے، تنخواہوں میں اچھا اضافہ کیا گی ہے، زراعت کے شعبے پر توجہ دینے کی ضرورت ہے، کسان کو مالی امداد دی جائے، کسانوں کے لئے بجلی بلوں کو فکس کیا جائے، کسانوں کو سولر سسٹم فری دیا جائے، مظفر گڑھ میں پانی کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے، لیہ اور کوٹ ادو کو مظفر گڑھ کے ساتھ ملا کر ڈویژن بنایا جائے، مظفر گڑھ کو یونیورسٹی دی جائے، اگر حالات نہیں ہیں تو پھر کسی اور یونیورسٹی کا کیمپس دیا جائے۔
مسلم لیگ (ن) کے رکن قیصر احمد شیخ نے کہا کہ پاکستان اور چین نے ایک دوسرے کی مدد کی،پاکستان کی کوششوں سے چین کو اقوام متحدہ کی رکنیت ملی،پاکستان نے چین اور امریکہ کے تعلقات اور دوستی میں نمایاں کردار ادا کیا۔چین نے ہر مشکل وقت میں ہمارا ساتھ دیا،آئی ایم ایف سے معاہدہ کی لئے حکومت کوشاں ہے،پاکستان کو ڈیفالٹ قراردینے والے احمقوں کی جنت میں رہتے ہیں۔پاکستان کے کل اثاثے 4 ہزار ارب ڈالر کے اثاثےہیں۔تاجر برادری پاکستان کے لئے ہرقربانی دینے پر تیار ہے۔ان کے لئے ماحول تو سازگار بنائیں۔کوریا نے ہم سے منصوبہ بندی کی تربیت لی، گزشتہ حکومت میں تین ارب ڈالر 580 لوگوں کو دیئے۔انہوں نے ایسی مشینری منگوا لی جو یہاں چل ہی نہیں سکتی،خود پی ٹی آئی حکومت نے قرضہ لے لیا،اپنا ملک ہم سب نے خود آگے بڑھانا ہے۔یہاں سرمایہ کاروں کو سہولت دی جائے تو ہم بہت آگے بڑھ سکتے ہیں۔اداروں کی نجکاری کی سینٹ سے سفارش پر عمل کیا جائے۔کھیلوں کے سامان پر ڈیوٹی ختم کی جائے۔سولر کی درآمد پر بہت رعایتیں دی گئی ہیں۔طالب علموں کے لئے بجٹ میں اچھے چیزیں شامل ہیں۔
امیر علی شاہ جیلانی نے کہا کہ عوام کو اس حکومت سے بہت امیدیں وابستہ ہیں،کسانوں کو مزید رعایتیں دی جائیں، تھرپارکر اور عمر کوٹ کی سڑکیں بہتر کرنے،پانی کی فراہمی اور صحت کی سہولیات فراہم کرنے پر مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 9 مئی کو شرپسندوں نے ہمارے شہداء اور قومی ہیروز کی یادگاروں کی بے حرمتی کی جو قابل مذمت ہے۔
سردار اسرار ترین نے کہا کہ برسات کا موسم آنے والا ہے،میرا حلقہ معدنیات اور زراعت سے مالامال ہے،اس کی نقل وحمل برسات میں مشکلات ہوتی ہے۔فورٹ منرو میں لینڈ سلائیڈنگ ہوتی ہے اور سڑکیں بند ہوتی ہیں،اس کا حل کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ فورٹ منرو کے علاقہ پر توجہ دی جائے۔