نوشہرہ ورکاں، 20 جون( اے پی پی): تحصیل کے نوجوانوں نے شدید گرمی کے باوجود کھیت کھلیانوں میں فلڈ لائٹ کرکٹ
کا میدان سجا دیا اور 2 روزہ فلڈ لائٹ کرکٹ ٹورنامنٹ میں شائقین کو دلچسپ میچز دیکھنے کو مل رہے ہیں ۔
ضلع گوجرانوالہ کی تحصیل نوشہرہ ورکاں میں متہ روڈ پر واقع نرسری اور سٹی شاپنگ مال کے بالمقابل رہائشی پلاٹوں کی فارغ پڑی جگہ پر نوجوانوں نے فلڈ لائٹ کرکٹ(نائٹ کرکٹ ٹورنامنٹ) میچز کرانے کا دو روزہ پروگرام ترتیب دیا اور مختلف دیہاتوں کی ٹیمیں میچز کھیل رہی ہیں۔
رواں ماہ میں گرم موسم کی شدت کے باوجود شائقین میچز دیکھ کر نوجوانوں کی پرفارمنس پر داد دے رہے ہیں۔ علاوہ ازیں نوجوانوں کی داد رسی کیلئے فلڈ لائٹ ٹورنامنٹ کے میچز میں مختلف معروف شخصیات بھی مہمانان خصوصی کی حیثیت سے شریک ہوکر نوجوانوں کاحوصلہ بڑھارہے ہیں۔
میچز میں رنر اورجیتنے والی ٹیموں کو ٹرافیاں دی جارہی ہیں ،میچز میں دلچسپ مقابلے دیکھنے کو مل رہے ہے ہیں ۔میچز میں چوکے چھکے ودیگر دلچسپ کھیل ونوجوان کرکٹرز کی عمدہ کارکردگی سے شائقین خوب محظوظ ہورہے ہیں۔