شیخوپورہ، 20 جون (اے پی پی):نگران صوبائی وزیر بلدیات ابراہیم حسن مراد نے شیخوپورہ کا دورہ کیا۔ ڈپٹی کمشنر سرمد تیمور نے صوبائی وزیر کا استقبال کیا۔ صوبائی وزیر نے ڈپٹی کمشنر آفس میں ڈپٹی کمشنر سرمد تیمور کے ہمراہ اجلاس کی صدارت کی۔اجلاس میں بلدیاتی اداروں کی کارکردگی اور جاری مختلف منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔
صوبائی وزیر بلدیات ابراہیم حسن مراد نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ضلع بھر میں جاری تمام ترقیاتی منصوبے شفافیت ، معیار اور تیز رفتاری کے ساتھ بروقت مکمل کیئے جائیں ۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی کے ویژن کے مطابق محکمہ بلدیات میں بہتری لا رہے ہیں، شہریوں کو بہترین اور جدید میونسپل سروسز کی فراہمی اولین ترجیح ہے جبکہ بلدیاتی ادارے شہریوں کی فلاح و بہبود کیلئے ہر ممکن وسائل بروئے کار لائیں اور شہریوں کو صاف ستھرا ماحول فراہم کرنے کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔
صوبائی وزیر ابراہیم حسن مراد نے کہا کہ بلدیاتی اداروں کی تمام خدمات کو بہت جلد ڈیجیٹل کیا جا رہا ہے، ڈیجیٹل سروسز سے نظام میں شفافیت اور وقت کی بچت ہو گی، نکاح نامہ، برتھ اور ڈیتھ سرٹیفکیٹ سمیت تمام سروسز آن لائن موجود ہونگی۔انہوں نے کہا کہ بلدیاتی اداروں کی تمام خدمات ڈیجیٹل ہونے سے شہری موبائل فون پر تمام سرٹیفکیٹس حاصل کر سکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں“اب گاؤں چمکیں گے” پروگرام جلد شروع کیا جا رہا ہے۔
اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو چوہدری مظہر علی سرور ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل عثمان جلیس، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس میاں محمد نذیر ، اسسٹنٹ کمشنر شیخوپورہ لاریب اسلم ، چیف آفیسر ضلع کونسل احسن عنایت سندھو ، ڈپٹی ڈائریکٹر انفارمیشن فیصل جاوید ، چیف وارڈن سول ڈیفنس چوہدری محمد الیاس گجر ، ڈپٹی ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ عثمان خداداد اور متعلقہ اداروں کے افسران موجود تھے۔