اسلام آباد۔8جون (اے پی پی):وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ تمباکونوشی سے پاک پاکستان حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، ہم اپنی آئندہ نسلوں کو تمباکو نوشی جیسی مضرِ صحت عادت سے بچانے کیلئے کوشاں ہیں۔ جمعرات کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف سے سی ای او کرومیٹک شارق خان نے ملاقات کی۔ اس موقع پر وزیراعظم کے معاونینِ خصوصی طارق فاطمی اور طارق پاشا اور متعلقہ اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔ شارق خان نے وزیرِاعظم کو کرومیٹک کی پاکستان سے تمباکونوشی کے خاتمے کے حوالے سے مہم، ٹوبیکو کنٹرول الائینس فار پاکستان کے حوالے سے آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ بلومبرگ فلنتھراپیز کے اشتراک سے اس مہم کا مقصد پاکستان سے تمباکو نوشی کے خاتمے میں حکومت کی معاونت کرنا ہے۔ وزیرِ اعظم نے کرومیٹک کی پاکستان سے تمباکونوشی کے خاتمے کیلئے مہم کی پذیرائی کی۔