وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف  سے سابق رکن قومی اسمبلی شاہ گل آفریدی کی قیادت میں انضمام شدہ اضلاع کے سیاسی رہنمائوں کی ملاقات

5

اسلام آباد۔7جون  (اے پی پی):وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا کے انضمام  شدہ اضلاع کیلئے جامع ترقیاتی پیکیج تیار کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔ وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق انہوں نے یہ ہدایت سابق رکن قومی اسمبلی شاہ گل آفریدی کی قیادت میں انضمام شدہ اضلاع کے سیاسی رہنمائوں کے سات رکنی وفد سے ملاقات کے دوران دی۔ ملاقات میں وفاقی وزیرِ پارلیمانی امور مرتضیٰ جاوید عباسی، مشیر وزیرِ اعظم انجینئر امیر مقام اور متعلقہ اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔ وفد نے مسلم لیگ (ن )کے انضمام شدہ اضلاع کو قومی دھارے میں شامل کرنے کیلئے فاٹا کے خیبر پختونخوا میں انضمام کی حکمت عملی پیش کرنے پر خراج تحسین پیش کیا جس کے بعد فاٹا کا قانون سازی کے ذریعے انضمام ممکن ہو سکا۔ وفد نے وزیرِ اعظم کو بتایا کہ گزشتہ حکومت کے چار برسوں میں انضمام شدہ اضلاع کی ترقی کو یکسر نظر انداز کیا گیا جس کی وجہ سے جو منصوبہ بندی مسلم لیگ (ن )کی قیادت نے ان اضلاع کے حوالے سے بنائی تھی اس پر عملدرآمد نہیں کیا گیا۔ وزیرِاعظم نے شرکاء کو یقین دلایا کہ موجود حکومت اور بالخصوص وزیرِاعظم بذات خود انضمام شدہ اضلاع کی ترقی و خوشحالی کو قومی ترجیح کا درجہ دیتے ہیں۔ وفد نے وزیرِاعظم کو متعلقہ حلقوں کے مسائل سے آگاہ کرتے ہوئے پشاور میں پانی کے شدید مسئلے کے بارے آگاہ کیا۔ وفد نے ہمسایہ ملک افغانستان سے منسلک سرحدی علاقوں میں تجارت کے فروغ کیلئے اقدامات کی ضرورت پر زور دیا۔ وزیرِاعظم نے اس حوالے سے ایسے اقدامات کی یقین دہانی کرائی جس سے سرحد کے دونوں پار علاقوں کے لوگوں کی زندگی میں باہمی تجارت سے بہتری آئے گی۔ وزیرِ اعظم نے شرکاء کو اس حوالے سے جامع حکمت عملی پر عملدرآمد کی یقین دہانی کرائی۔ وزیرِاعظم نے متعلقہ حکام کو ضم شدہ اضلاع کیلئے خصوصی ترقیاتی پیکیج مرتب کرکے پیش کرنے کی ہدایت کی۔