پاکستان کی ترقی کے لیے ترجیحات کا از سر نو تعین، فوری فیصلہ سازی ناگزیر ہے،ڈاکٹر عارف علوی

21

 

اسلام آباد۔6جون  (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستان کو ترقی کی دوڑ میں شامل کرنے کے لیے نئی ترجیحات اور تیز تر فیصلہ سازی ناگزیر ہے۔ منگل کو یہاں لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے زیر اہتمام تیسری آئی ٹی ایکسیلنس ریکگنیشن تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ٹیلنٹ کی تخلیق اور انسانی سرمائے میں سرمایہ کاری ترقی کے حصول کا تیز ترین راستہ ہے۔ صدر مملکت نے مصنوعی ذہانت کے شعبہ میں بے مثال پیشرفت سے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی وہ واحد شعبہ ہے جس میں پاکستان انسانی وسائل میں سرمایہ کاری کر کے کمال حاصل کر سکتا ہے کیونکہ جدید دور میں انسانی عقل قدرتی وسائل سے کہیں زیادہ اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئی ٹی انڈسٹری کے قیام میں روایتی صنعتی یونٹ کے مقابلے میں کافی کم وقت لگا۔ اسی طرح، انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنے 27 ملین اسکول سے باہر بچوں کو تعلیم دینے کے لیے آئی ٹی تعلیمی آلات سے فائدہ اٹھا سکتا ہے۔ صدر نے کہا کہ آئی ٹی سیکٹر نے تیزی سے ترقی کی ہے جس سے بہترین کارکردگی کے بے شمار مواقع پیدا ہوئے ہیں۔  انہوں نے کہا کہ ایک طرف تو دنیا مصنوعی ذہانت کی زبردست ترقی سے خوفزدہ ہے اور اس کی رفتار کو کم کرنے کا سوچ رہی ہے لیکن دوسری طرف پاکستان ابھی تک اس دوڑ میں شامل نہیں ہوا جس پر سنجیدگی سے غور کرنے کی ضرورت ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ اے آئی کی تیز رفتاری کی بنیاد پر اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ اے آئی خود سافٹ ویئر لکھے گا اور اگلے 10 سالوں میں انسانی ذہنوں کو پڑھنے کی صلاحیت بھی حاصل کر لے گا۔ پاکستان میں مصنوعی ذہانت اور کوانٹم کمپیوٹنگ کے فروغ کے لیے اپنی کوششوں کا حوالہ دیتے ہوئے صدر نے کہا کہ اس سلسلے میں ملک کو مزید حوصلہ افزائی اور ٹیلنٹ پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔ شرکاء کو ٹیکنالوجی کے ذریعے سیکھنے کے مواقع سے آگاہ کرتے ہوئے صدر مملکت نے کہا کہ ایک غیر منافع بخش تنظیم خان اکیڈمی ہر طالب علم کو اس کی پسند کا مضمون سکھانے کے لیے ایک ماہر  استاد فراہم کرنے کے لیے مصنوعی ذہانت پر مبنی نظام متعارف کروا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کو 1-2 فیصد پڑھے لکھے لوگوں کے ذریعے نہیں چلایا جا سکتا بلکہ ترجیحات کا از سر نو تعین کرنے اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے میں موجود بے پناہ صلاحیتوں سے فائدہ اٹھانے کے لیے مزید ٹیلنٹ پیدا کرنے پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر کاشف انور نے بھی تقریب سے خطاب کیا اور حکومت پر زور دیا کہ آئی ٹی انڈسٹری کے لیے ٹیکس مراعات متعارف کرائی جائیں اور اسٹارٹ اپس کی ترقی کے لیے آئی ٹی پارکس قائم کئے جائیں۔ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کے زیر اہتمام منعقدہ اس تقریب میں بہترین آئی ٹی اسٹارٹ اپس اور کمپنیوں میں ایوارڈز تقسیم کیے گئے ۔