چیئرمین سینیٹ  نے سینیٹ کے جدید ڈیٹا سنٹر اور ڈیجیٹل براڈکاسٹنگ سنٹر کا افتتاح کردیا

21

اسلام آباد،22جون (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے سینیٹرز اور سینیٹ سیکرٹریٹ کے اعلیٰ افسران کے ہمراہ سینیٹ کے جدید ڈیٹا سینٹراور ڈیجیٹل براڈ کاسٹنگ سینٹر کا افتتاح کردیا،جدید سنٹرز کا افتتاح ، ڈیجیٹل تبدیلی اور عوام کو فائدہ پہنچانےکے حوالے سے سینیٹ کے مضبوط عزم کو ظاہر کرتاہے۔

  چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے ان ڈیجیٹل اقدامات کی کامیاب تکمیل اور نفاذ پر اطمینان کا اظہار کیا۔انہوں نے آپریشنل کارکردگی کو بہتر بنانے اور جمہوری عمل کو مضبوط بنانے کیلئے جدید ٹیکنالوجیز کو اپنانے کے حوالے سےسینیٹ کے عزم کو دہرایا۔اس موقع پر چیئرمین سینیٹ نے اس اہم سنگ میل کو عبورکرنے میں سینیٹ کی آئی ٹی ٹیم اور دیگر برانچز/افسران کی مشترکہ کوششوں کو بھی سراہا۔نیا قائم کردہ ڈیٹا سینٹر جدید ترین ڈیجیٹل انفراسٹرکچر سے لیس ہے جو ضروری معلومات کے انتظام اور اس کو ذخیرہ کرنے کیلئے ایک محفوظ اور مضبوط پلیٹ فارم فراہم کرتا ہے۔

چیئرمین سینیٹ نے مزید موثر اور شفاف قانون سازی کے اپنے وژن میں اس جدید ترین سہولت کی اہمیت پر بھی زور دیا۔ ڈیٹا مینجمنٹ کی بہتر صلاحیتوں کے ساتھ، ڈیٹا سینٹر سینیٹ کے اندرونی آپریشنز اور فیصلہ سازی کے عمل کو بھی تقویت بخشے گا۔

 اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل انفارمیشن ٹیکنالوجی (ڈی جی آئی ٹی) لیفٹیننٹ کرنل (ر) عاصم رضا نے جدید سینٹرز کے بارے میں چیئرمین سینیٹ کو ایک جامع بریفنگ پیش کی۔ ڈی جی آئی ٹی نے ڈیٹا سنٹر کی جدید تکنیکی خصوصیات اور صلاحیتوں پر روشنی ڈالتے ہوئے، ڈیٹا کے حجم کو ہینڈل کرنے، ڈیٹا کو محفوظ بنانے، اور اعلیٰ درجے کی سائبر سیکیورٹی فراہم کرنے پر زور دیا۔

سینیٹ کی جانب سے متعارف کرایا گیا ڈیجیٹل براڈکاسٹنگ سسٹم، قانون سازی کی کارروائیوں اور سینیٹ کی دیگر اہم سرگرمیوں کو عوام تک پہنچانے میں اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔جدید ترین براڈکاسٹنگ ٹیکنالوجی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے یہ سسٹم، لائیو سینیٹ سیشنز کے دوران معلومات کی بہتر فراہمی اور دیگر اہم ایونٹس کو عوام تک پہنچانے کے قابل بنائے گا۔ڈیجیٹل براڈکاسٹنگ سسٹم، پارلیمانی امور تک وسیع تر رسائی کو بھی یقینی بنائے گا-ڈیجیٹل ڈیٹا سینٹر اور ڈیجیٹل براڈکاسٹنگ سسٹم منتخب نمائندوں کے ساتھ شہریوں کا رابطہ آسان بنا کر شفافیت اور جوابدہی کےسینیٹ کے عزم کو بھی مزید تقویت بخشے گا۔ڈیٹا سینٹراور ڈیجیٹل براڈ کاسٹنگ سینٹر کا افتتاح سینیٹ آف پاکستان کیلئے ڈیجیٹل تبدیلی کو اپنانے میں ایک اہم پیش رفت شامل ہوگا۔ یہ جدید ترین سہولیات نہ صرف سینیٹ کی اندرونی کاروائیوں کو بہتر بنانے میں مدد دیں گی بلکہ عوامی شمولیت اور شفافیت کو بھی آسان بنائیں گی۔ سینیٹ جمہوری اقدار کو برقرار رکھنے، ٹیکنالوجی سے استفادہ کرنے اور پاکستانی عوام کی پوری لگن کے ساتھ خدمت کرنے کے اپنے عزم پر ثابت قدم ہے۔

اس موقع پر سینیٹرز نصیب اللہ بازئی ، زیشان خانزادہ ، محمد اکرم،سیکریٹری سینیٹ محمد قاسم صمد خان ، سینیٹ کے دیگر اعلی افسران بھی موجود تھے۔