ڈیرہ غازی خان؛شہریوں کو علاج معالجہ کی بہترین سہولیات فراہم کرنا ضلعی انتظامیہ کی ذمہ داری ہے، ڈپٹی کمشنر

8

ڈیرہ غازی خان،20 جون (اے پی پی ): ڈپٹی کمشنر ڈیرہ غازیخان مہر شاہد زمان لک نے کہا ہے کہ  شہریوں کو علاج معالجہ کی بہترین سہولیات فراہم کرنا ضلعی انتظامیہ کی ذمہ داری ہے،رودکوہیوں کے پانی کی قدرتی گذرگاہوں کووسعت دیناوقت کی ضرورت ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو تحصیل تونسہ میں ٹھٹھہ لغاری ڈرین بند اور سول ہسپتال کا دورہ کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر انہیں ڈرین سے پانی کے فلو اور کیپسٹی بارے بریفنگ دی گئی۔

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ڈرین کےاطراف کھڑے پانی کی نکاسی کیلئے نئی سکیم تیار کی جائے اور پائپ لائنیں بچھائی جائیں۔انہوں نے کہا کہ اس کھڑے پانی کو ڈرین میں لانے کیلئے سکیم پر ایک ہفتہ میں کام شروع کردیا جائے کیونکہ رودکوہیوں کے پانی کی قدرتی گذرگاہوں کووسعت دیناوقت کی ضرورت ہے۔

انہوں نے فلڈ مشینری کا معائنہ کرتے ہوئے کہا کہ جدید مشینری اور آلات کی مدد سے ہم کسی بھی ناگہانی صورتحال سے باآسانی نمٹ سکتے ہیں اور نکاسی آب کیلئے حائل رکاوٹوں کو دور کرنا ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ ممکنہ سیلاب کے پیش نظر حفاظتی اقدامات جلد حتمی شکل دی جائے  اور ہل ٹورینٹس سے زیادہ آنیوالے سیلابی پانی کے خطرات کو سامنے رکھ کر مستقبل پلاننگ کی جائے۔

بعد ازاں انہوں نےسول ہسپتال تونسہ دورہ کے دوران سٹاف کی حاضری،صفائی و ستھرائی،ادویات کی دستیابی سمیت دیگر معاملات کا جائزہ لیا۔انہوں نے مختلف وارڈز میں مریضوں کی تیمارداری کی اور ان سے ادویات فراہمی بارے معلومات لیتے ہوئے کہا کہ لوگوں کو علاج معالجہ کی بہترین سہولیات فراہم کرنا ضلعی انتظامیہ کی ذمہ داری ہے اور مریضوں کو ہیلتھ سہولیات کی فراہمی میں کوتاہی نہ برتی جائے۔انہوں نے مریضوں کی انٹریوں کا ریکارڈ رکھنےاور ادویات کی عدم دستیابی کی شکایات ان کے نوٹس میں لانے کی بھی  ہدایات  دیں ۔

اس موقع پرایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل محمد اسدچانڈیہ،اسسٹنٹ کمشنر غلام مرتضیٰ،ایم ایس اور دیگر افسران ہمراہ تھے۔