ڈیرہ غازی خان،27 جون(اے پی پی): ریجنل پولیس آفیسر ڈیرہ غازی خان کیپٹن (ر) سجاد حسن خان نے عیدالاضحٰی کے موقع پر ریجن بھر میں فول پروف سیکورٹی کے انتظامات کے احکامات جاری کرتے ہوئے ڈیوٹی پلان جاری کر دیا ہے۔ریجن کے چاروں اضلاع ڈی جی خان، لیہ، مظفر گڑھ اور راجن پور میں عیدالاضحٰی کےحوالے سے سیکورٹی کے فول پروف اقدامات مکمل کیے گئے ہیں۔
عیدالاضحٰی کے موقع پر ڈی جی خان میں 352 مساجد، 4کھلے مقامات، مظفرگڑھ میں 588 مساجد، 06کھلے مقامات، راجن پور میں 222 مساجد، 08کھلے مقامات اور لیہ میں 200 مساجد سمیت ریجن بھر میں 1380مقامات پر نماز عید کے اجتماعات منعقد ہوں گے، جن کی سیکورٹی کےلیے 20 ڈی ایس پی167 انسپکٹر وسب انسپکٹر سمیت 2659 پولیس افسران اور اہلکاران سیکورٹی کے فرائض سرانجام دیں گے، اس کے علاوہ 21 واک تھرو گیٹ، 1070 میٹل ڈیٹکٹرز کے ذریعے فیزیکل چیکنگ اور 619 سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے نماز عیدالاضحی ٰکے اجتماعات کی نگرانی کی جائے گی۔
لاءاینڈآرڈر کو برقرار رکھنے کے لیے اور مصروف شاہرات ،مارکیٹوں اور عوامی تفریحی مقامات پر سکیورٹی کے لیے پولیس پکٹس، پیٹرولنگ وہیکلز، موٹرسائیکل اسکواڈ، ایلیٹ فورس اور کوئیک رسپانس فورس کی ٹیمیں مسلسل گشت کناں رہیں گی۔
ریجن بھرمیں 27 مویشی منڈیوں میں خریداروں، بیوپاریوں اور جانوروں کی حفاظت و سکیورٹی کے لیے 160 پولیس کے افسران و اہلکاران ڈیوٹی کے فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔
اس حوالے سے ریجنل پولیس آفیسر کیپٹن (ر)سجاد حسن خان نے ضلعی سربراہان کو ہدایات جاری کیں کہ موجودہ حالات کے پیش نظر غیر ملکی شہریوں خصوصاً چینی ماہرین و شہریوں، اہم تنصیبات اور مذہبی مقامات پر سکیورٹی ہائی الرٹ رکھیں۔ڈسٹرکٹ پولیس آفیسران سکیورٹی پلان پر مکمل عملدرآمد کویقینی بنانے کے ذمہ دار ہوں گے ۔
نماز عید کے اجتماعات میں مساجد،امام بارگاہوں اور کھلے مقامات پر داخلے کے لئے ایک ہی راستہ استعمال کیا جائے اور تمام شرکاء کو باڈی سرچ اور میٹل ڈیٹیکٹر سے تلاشی لینے کے بعد داخلے کی اجازت دی جائے ۔ شاپنگ پلازوں ،بازاروں ، مارکیٹوں ،تفریحی مقامات اور مصروف شاہرات کی سکیورٹی کےلیے سخت انتظامات کیے جائیں۔
عید تہوار کی مناسبت سے شاہرات پر ٹریفک کے اضافی لوڈ اورحادثات کی روک تھام کےلیے خصوصی اقدامات کیے جائیں اور ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے کےلیے ٹریفک کی اضافی نفری تعینات کی جائے، مسافروں کی آمدورفت کو محفوظ بنانے کے لیے قومی شاہرات پرضلعی پولیس، پنجاب ہائی وے پیٹرول اور ایلیٹ فورس کی مسلسل گشت جاری رکھیں۔
شہروں کے داخلی و خارجی راستے، بین الصوبائی بارڈرز پر سخت چیکنگ اور انٹری پوائنٹس پر جدید سائنسی طریق کار کے مطابق چیکنگ کو یقینی بنایا جائے۔دوران چیکنگ ای پولیس ایپ کی مدد سے اشتہاری و مفرور مجرمان اور ریکارڈ یافتگان کی گرفتاریاں عمل میں لائی جائیں۔