نارووال،15 جون(اے پی پی):سی ای اوہیلتھ ڈاکٹرنویدحیدرنے کہاکہ ڈپٹی کمشنرنارووال کے واضح احکامات کی روشنی میں انسدادڈینگی کے سلسلہ میں محکمہ صحت کی انڈوراورآوٹ ڈورٹیمیں روزانہ کی بنیاد پرکام کررہی ہیں۔ضلع میں تمام ہاٹ سپاٹس کو کور کیا جا رہا ہے اورفیلڈ ٹیمیں متحرک ہیں اس کے ساتھ ساتھ محکمہ صحت کی جانب سے ہریونین کونسل کی سطح پرلوگوں میں آگاہی سیمیناراورریلیوں کاانعقادبھی کیا جارہاہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈینگی کے عالمی دن کے حوالے سے نکالی گئی ریلی میں کیا۔15جون،ڈینگی کےعالمی دن کے حوالے سے منایا جاتا ہے، ڈپٹی کمشنر محمداشرف کی خصوصی ہدایت پر محکمہ صحت کے زیراہتمام ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرز ہسپتال سےایک ریلی نکالی گئی، جس کی قیادت سی ای او ہیلتھ ڈاکٹرنویدحیدر نے کی۔
سی ای اوہیلتھ ڈاکٹرنویدحیدرنے ریلی کےشرکاء سےخطاب کرتے ہوئے کہا کہ ڈینگی سے گبھرانے کی نہیں بلکہ اسے بھگانے کی اشد ضرورت ہے اور اس حوالے سے محکمہ صحت کے ساتھ ساتھ تمام افرادکواجتماعی طورپر کوششیں کرناہوں گی۔
انہوں نےاپیل کی کہاکہ تمام محکمے اس بات کو یقینی بنائیں کہ کہیں پر بھی پانی کھڑا نہ ہو کیونکہ کسی جگہ پر بھی صاف پانی کا کھڑا ہونا ڈینگی کے لاروا کی افزائش کے لئے بنیاد مہیا کر سکتا ہے ۔
سی ای او ہیلتھ نے کہاکہ انسداد ڈینگی کے لئے ضروری ہے کہ تمام سرکاری محکمے مربوط حکمت عملی کے تحت اقدامات کریں لوگوں کو آگاہی دیں اپنے دفاتر ،سرکاری رہائش گاہوں کے ساتھ ساتھ گلی محلوں کو صاف ستھرا رکھیں۔انہوں نے مزید کہ کہا کہ گھروں میں واٹرکولر ،فریج،گملوں چھتوں پر کھڑا ہونے والا پانی ڈینگی مچھر کے پھیلاؤکا سبب بن سکتا ہے۔
ریلی میں ڈی ایچ اوڈاکٹرمحمدطارق،ایم ایس ڈاکٹرافضال راجپوت، ڈسٹرکٹ کوارڈی نیٹربرائے نیشنل پروگرام ڈاکٹرزاہد رندھاوا،ڈی آئی او احسان الحق،نرسنگ انچارج مقبول فاطمہ، انچارج شعبہ ڈائیلاسزطارق شاہین کے علاوہ ماحولیات، زراعت، پاپولیشن ،ای اے ڈی اے،ریسکیو1122،سول ڈیفنس، انڈسٹریز، فوڈ اتھارٹی،محکمہ خوراک،لائیوسٹاک کے افسران اورجملہ سٹاف نے شرکت کی۔