ڈی جی خان؛ سرکاری واجبات  کے نادہندگان کو گرفتار کرنے،منقولہ اور غیر منقولہ جائیداد ضبط کرنے کے احکامات جاری

18

ڈی جی خان،09جون(اے پی پی): ڈی جی خان ڈویژن میں سرکاری واجبات  کے نادہندگان کو گرفتار کرنے،منقولہ اور غیر منقولہ جائیداد ضبط کرنے کے احکامات جاری کردئیے گئے ہیں ۔

کمشنر ڈاکٹر ناصر محمود بشیر کی زیر صدارت ویڈیو لنک اجلاس منعقد ہوا۔کمشنر نے میوٹیشن اور دیگر غائب ریونیو دستاویزات بازیاب کرانے کےلئے 15 جولائی اور دو سال سے زیر التوا ریونیو اور انکوائری کیسز نمٹانے کیلئے 31 جولائی تک کی ٹائم لائنز دے دیں۔انہوں نے کہا کہ ڈی جی خان ڈویژن میں تمام پٹوار سرکل کے 951 دیہی مراکز مال فعال کرادئیے گئے ہیں، 251 ریونیو اسٹیٹ میں سے 244 کو آن لائن کردیا گیا۔

کمشنر ڈاکٹر ناصر محمود بشیر نے کہا کہ سرکاری واجبات کی وصولی کےلئے ترغیبی مہم چلائی جائے، سرکاری واجبات کی وصولی میں عدم دلچسپی پر ریونیو افسران کے خلاف بھی کارروائی ہوگی۔چاروں اضلاع میں سٹیٹ ڈائریکٹری بنائی جائے، سرکاری رقبہ واگزار کرایا جائے اور ای رجسٹریشن کو فوکس کیا جائے جبکہ زیر التوا پنشن کیسز دی گئی ٹائم لائن کے اندر نمٹائے جائیں۔

اجلاس میں چاروں ڈپٹی کمشنرز مہر شاہد زمان لک ،محمد سلمان لودھی ،ڈاکٹر منصور بلوچ،خالد پرویز،ایڈیشنل کمشنرز کریم بخش،فخر الاسلام ڈوگر ،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز ،اسسٹنٹ کمشنرز اور متعلقہ افسران شریک تھے۔