ڈی جی خان؛ کمشنر ڈویژن کی زیر صدارت ویڈیو لنک اجلاس  ، عوامی سہولیات کیلئے مختلف احکامات و ہدایات جاری

16

ڈیرہ غازی خان27 جون(اے پی پی ): کمشنر ڈیرہ غازی خان ڈویژن ڈاکٹر ناصر محمود بشیر کی زیر صدارت  منگل کو یہاں  ویڈیو لنک اجلاس منعقد ہوا جس میں چاروں ڈپٹی کمشنرز اور متعلقہ افسران شریک ہوئے ۔

کمشنر ڈاکٹر ناصر محمود بشیر نے ڈی جی خان ڈویژن کے تمام مین ہولز پر ڈھکن لگانے کے احکامات جاری کردئیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کھلے گٹروں میں خدا نخواستہ حادثے پر متعلقہ ملازمین براہ راست ذمہ ہوں گے،اسسٹنٹ کمشنرز اور چیف آفیسرز ملکر اقدامات اٹھائیں،ڈویژن میں بےنظیر انکم سپورٹ پروگرام کے 76 مراکز فعال ہیں تاہم مزید وسعت کی گنجائش موجود ہے ۔انہوں نے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سنٹرز میں بائیو میٹرک ڈیوائس اور کاونٹرز بڑھانے کی ہدایات کیں۔

انہوں نے کہا کہ حبیب بنک بروقت زیادہ کیش کی موجودگی یقینی بنائے،کمشنر ڈی غازی خان نے  کرسیاں،ٹھنڈا پانی،پنکھے ، مراکز میں انٹرنیٹ سسٹم کی بہتری کے لئے اقدامات اٹھانے اور دیگر سہولیات فراہمی کے بھی احکامات جاری کئے۔

کمشنر ڈاکٹر ناصر محمود بشیر نے کہا کہ ڈی جی خان ڈویژن میں 22 مویشی منڈیاں اور 20 سیل پوائنٹس قائم ہیں،جگہ جگہ جانوروں کی خریدوفروخت پر عائد پابندی پر عملدرآمد کرایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ عید الاضحی پر بارشوں کی پیشنگوئیاں کی گئی ہیں جس سے شہری علاقوں میں سیلاب کا خدشہ ہے،مویشی منڈیوں اور شہر کے نشیبی علاقوں سے بارشوںکی پانی کی بروقت نکاسی کےلئے اقدامات اٹھائے جائیں،ڈی واٹرنگ سیٹ اور ڈسپوزل ورکس کی مشینری فعال رکھی جائے،  ممکنہ سیلاب سے بچاؤ کےلئے بھی کام کیا جائے۔

کمشنر ڈی جی خان نے مزید کہا کہ آلائشوں کی بروقت تلفی اور صفائی کےلئے خصوصی انتظامات کئے جائیں،کسان سہولت سنٹرز کے باقاعدگی سے معائنے کئے جائیں،زرعی ادویات کے نمونے تجزیہ کےلئے بھجوائے جائیں،کپاس کی پیداوار میں اضافہ کےلئے کسانوں کی بہتر رہنمائی ضروری ہے ۔ ڈی جی خان ڈویژن میں میونسپل کمیٹیوں کے ملازمین کی بائیو میٹرک حاضری یقینی بنائی جائے،بلدیاتی اداروں کی تمام گاڑیوں پر ٹریکنگ سسٹم نصب کیا جائے۔

کمشنر ڈی جی خان نے سرکاری واجبات کی وصولی کے عمل کو مزید تیز کرنے اور میونسپل سروسز کی بہتری کے بھی احکامات جاری کئے ۔

اس کے علاوہ پرائس کنٹرول ،کپاس کی کاشت اور دیگر معاملات کا بھی جائزہ لیا گیا۔

 اجلاس میں ڈپٹی کمشنرز مہر شاہد زمان لک ،محمد سلمان لودھی ،خالد پرویز اور ڈاکٹر منصور بلوچ،ایڈیشنل کمشنرز کریم بخش،فخر الاسلام ڈوگر اور دیگر افسران شریک تھے۔