گوجرانوالہ ؛پاکستان کی نیوکلیئر ٹیکنالوجی کے فروغ کیلئے کے ٹو اور کے تھری اہم سنگ میل ثابت ہونگے ،وفاقی وزیر توانائی

23

گوجرانوالہ، 22جون (اے پی پی): پاکستان کی نیوکلیئر ٹیکنالوجی کے فروغ کیلئے کے ٹو اور کے تھری اہم سنگ میل ثابت ہونگے اس سلسلہ میں چائنیز کمپنی اس پلانٹ پر ساڑھے تین ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گی ،ان خیالات کا اظہار وفاقی وزیر توانائی خرم دستگیرخان نے گیپکو ہیڈ کوارٹر میں پریس کانفرنس سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کو ایٹمی طاقت بنانے کا اعلان اللہ رب العزت نے نواز شریف سے کروایا اور نیوکلیئر انرجی پر نوازشریف اور شہباز شریف کے ہی گہرے نقوش ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے غریب دشمن ،ترقی دشمن اور سی پیک دشمن حکومت کے اثرات کوزائل کر دیا ہے، پاکستان اور چین کے تعلقات اب اسی نہج کے قریب آچکے ہیں جہاں محمد نواز شریف کے دور میں تھے۔انہوں نے مزید کہا کہ نوکلیئر بجلی، تیل ،ڈیزل اور فرنس آئل کے مقابلے میں سستی بجلی ہوگی آئندہ سردیوں میں پن بجلی کی کمی میں نیوکلیئر بجلی ہماری ضرورت پوری کرے گی، ہمارے دور حکومت میں پاکستان کی بجلی میں پانچ ہزار میگاواٹ کا اضافہ کیا گیا ہے، 1100میگاواٹ کے تھری جبکہ دو ہزار میگاواٹ تھر ی سے بھی نیشنل گرڈ میں شامل کیے گئے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ تمام الیکٹرک کمپنیوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ سکیل ایک سے پندرہ تک کے ملازمین کو کارکردگی کی بنیاد پر ایک  تنخوا ہ  دی جائے کیونکہ فیصل آباد، لاہور ، ملتان اور سکھر کے بجلی ڈسٹربیوشن کمپنیوں نے مثالی کام کیا ہے۔