اگلے الیکشن میں ن لیگ حکومت بناکر نواز شریف کی قیادت میں ترقی کا سفردوبارہ شروع کرے گی؛ رانا ثنااللہ خان

17

فیصل آباد،16جولائی(اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ و صوبائی صدر پاکستان مسلم لیگ(ن) پنجاب رانا ثنااللہ خان نے کہا ہے  کہ ملک کو بہت سے چیلنجزدرپیش ہیں لیکن جس طرح ماضی میں 1997 اور2013 میں دو بار میاں نواز شریف کی قیادت میں مسلم لیگ (ن) نے برسراقتدار آکر ملک کو دہشت گردی اور لوڈ شیڈنگ سمیت دیگر بحرانوں سے نکالا اسی طرح اب تیسری مرتبہ ایک بار پھر عوامی مینڈیٹ سے مسلم لیگ(ن) مرکز اور صوبے میں حکومت بناکر نواز شریف کی قیادت میں ترقی کا سفردوبارہ شروع کرے گی تاہم اس کیلئے ضروری ہے کہ عوام مسلم لیگ(ن) اور نواز شریف پر اعتماد کرتے ہوئے شیر کے انتخابی نشان پر مہر لگائیں تاکہ گزشتہ چار سالوں میں ملک کو جن مشکلات اور بحرانوں کا شکار کیا گیا ان سے قوم کو نکال کر ایک بار پھر عوامی خوشحالی کے سفر کا آغاز کیا جاسکے۔

 وہ اتوار کی رات گئے اپنے حلقہ نیابت فیصل آباد میں ایک بڑے اجتماع سے خطاب کررہے تھے جس میں سابق ممبران صوبائی اسمبلی ظفر اقبال ناگرہ، میاں اجمل آصف، دیگر لیگی قائدین اور ورکرز بھی بڑی تعداد میں موجود تھے۔انہوں نے کہا کہ فتنے نے سوشل میڈیاپر زہریلاپراپیگنڈہ چلایا، اس نے جو نفرت پھیلائی تھی وہ نو مئی کو کھل کر سامنے آئی،اس نے ملک میں منفی سیاست کی بنیاد رکھی،اس نے اپنے چار سال میں کوئی کام نہیں کیالیکن ہم جب بھی بات کرتے ہیں میٹروز اور موٹرویز کی بات کرتے ہیں،کبھی کسی نے سوچا تھا کہ صبح اسلام آباد جائے اور شام کو واپس آجائے یہ سب منصوبہ کس نے بنائے؟فیصل آباد میں ایف آئی سی،چلڈرن ہسپتال، سڑکوں کی تعمیر کس کے دور میں ہوئی،مجھے کوئی ایک کام بتا دیں جو انہوں نے اپنے چار سالہ دور حکومت میں فیصل آباد میں کیا ہو۔

وفاقی وزیر داخلہ و صوبائی صدر پاکستان مسلم لیگ(ن) پنجاب رانا ثنااللہ خان  نے کہا   کہ مسلم لیگ ن کی قیادت میں پاکستان ترقی کا سفر طے کررہا تھا،جب بھی پاکستان میں بحران آیا تو نوازشریف نے ہی ملک کو بحران سے نکالا،پاکستان ایٹمی قوت میاں نوازشریف کی قیادت میں بنا،جب پاکستان ایٹمی قوت بنا تو تمام مسلم ممالک نے جشن منایامگر فتنے نے اپنے دور میں ملک کو بحران کا شکار کیا، ہم سی پیک لے کر آئے جس سے بجلی کے کارخانے لگے،ملک آگے بڑھنے اورترقی کا سفر طے کرنے لگاتوساتھ ہی دوبارہ سازش کی گئی،دوبارہ بارہ اکتوبر لایا گیا اور اس مرتبہ بارہ اکتوبر 2018 میں آیا،ہم پر ایک ایسی جماعت کومسلط کیا گیاجس نے ملک کو دوبارہ بحران میں دھکیلالیکن اب پھر ہم ہی اس کا ازالہ کریں گے۔

وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنااللہ خان  نے کہا کہ مسلم لیگ برسراقتدار آئے گی تو سی پیک کا منصوبہ پایہ تکمیل کو پہنچے گا، نئی موٹر ویز اور ایکسپریس ویز بنیں گی، میٹرو اور اورنج لائن ٹرینوں کے منصوبے شروع ہوں گے، ہسپتال، کالجز، یونیورسٹیاں بنیں گی، نئی صنعتی بستیاں آباد ہوں گی، کاروبار کو فروغ حاصل ہوگا، مہنگائی، غربت و بیروزگاری سے نجات ملے گی اور فتنے کی طرف سے تباہ کی گئی، معیشت کو ایک بار پھر اڑان بھرنے کا موقع ملے گا اور مسلم لیگ کے گزشتہ دور حکومت میں جو شرح نمو 6.2 فیصد تھی وہ اس سے بھی بڑھے گی اور کوئی غریب و بیروزگار نہیں رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کے بعد مسلم لیگ(ن) میاں نواز شریف اور شہباز شریف کی قیادت میں حکومت بنائے گی جس کے بعد عوامی خدمت کا برق رفتار سفر پھر سے شروع کرتے ہوئے گزشتہ چار سال میں مچائی گئی تباہی کا تدارک کرنے کیلئے بھرپور اقدامات کو یقینی بنایا جا ئے گا۔

وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنااللہ خان نے کہا کہ میاں نواز شریف نے اس قوم کی عزت اور غیرت کی خاطر ہر چیز کو برداشت کیالیکن کبھی ملک و قوم کے مفاد پر آنچ نہیں آنے دی، نواز شریف نے کہا تھاکہ اگر انڈیا دھماکے کرے گا تو پھر ہمیں بھی دنیا کی کوئی طاقت نہیں روک سکتی اور پھر انہوں نے انڈیا کے پانچ کے مقابلے میں چھ ایٹمی دھماکے کرکے پوری دنیا کو ششدر کردیا، لیکن ان کو شرم نہیں آتی کہ یہ ان کے اوپر کرپشن کے الزام لگاتے رہے حالانکہ جب یہ ہم پر الزام لگارہے تھے تو اس وقت فتنے اور پنکی پیرنی کی فرنٹ مین فرح گوگی خود اربوں روپے کی کرپشن کررہی تھی، ہر اہم سیٹ پر تقرر وتبادلوں کیلئے پیسے لئے جارہے تھے اورخود فتنے کی گھر والی کہتی کہ اسے پانچ کیرٹ کی ہیرے کی انگوٹھی چاہیے۔

 رانا ثنااللہ خان نے کہا کہ اگر آج پاکستان ایٹمی قوت نہ ہوتا تو ہندوستان پاکستان کے چار ٹکڑے کردیتا یا ویسے ہی کھاجاتالیکن اب نہیں کھا سکتا کیونکہ وہ ایٹمی طاقت کے ساتھ نہیں ٹکرا سکتا۔انہوں نے کہا کہ جب پاکستان ایٹمی قوت بنا تو تب پاکستان میں نہ لوڈشیڈنگ تھی اور نہ دہشت گردی تھی لیکن بعد میں جب ایک اور پارٹی کو حکومت ملی تو یہاں بیس بیس گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ اور ہر طرف دہشت گردی کا بازار گرم تھا مگر نواز شریف نے حکومت میں آتے ہی نہ صرف لوڈ شیڈنگ اور دہشت گردی ختم کی بلکہ موٹر ویز، ایکسپریس ویز کا جال بچھایا، میٹرو بسز چلائیں، اورنج لائن ٹرینوں کا آغاز کیا،نئے ہسپتال، یونیورسٹیاں اور کالج بنائے لیکن گزشتہ چار سال میں فتنے نے صرف نفرت پھیلائی اور گالم گلوچ کے کلچر کو پروان چڑھایا، نوجوانوں کی ذہن سازی اور قوم نے اس کے نتیجے میں 9 مئی کا سیاہ دن دیکھا۔

وفاقی وزیر داخلہ و صوبائی صدر پاکستان مسلم لیگ(ن) پنجاب رانا ثنااللہ خان نے کہا کہ فتنے نے ملک میں کوئی ڈھنگ کاکام نہیں کیا نہ ملکی تعمیر وترقی کی جانب کوئی توجہ دی، نہ پچاس لاکھ گھر بنائے، نہ ایک کروڑ نوکریاں دیں بس نوجوان نسل کو تباہ کرکے ان کا مستقبل تاریک کرکے رکھ دیا، اس نے افراتفری پھیلائی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم نے پہلے بھی قوم کی خدمت کی ہے اور وہ یقین دلاتے ہیں کہ اگر عوام نے ایک بار پھر ان پر اعتماد کیا اور انہیں ووٹ دیکر کامیاب بنایا تو مسلم لیگ (ن) پہلے سے بھی زیادہ جوش و جذبے کے ساتھ ملک و قوم کی خدمت کرے گی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بیس بیس گھنٹے کی لوڈشیڈنگ اور دہشت گردی تھی تب2013میں آپ نے نواز شریف اور مسلم لیگ(ن) پر اعتبار کیاجس نے آپ کے اعتماد کو ٹھیس نہیں پہنچائی اور اپنے تمام وعدے پورے کئے۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ عمران خان کو اس کا تکبر لے ڈوبا، بطور اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے اسے چارٹر آف ڈیموکریسی پر سائن کرنے کی پیشکش کی،بلاول زرداری نے کہاکہ عمران خان قدم بڑھاؤ ہم تمہارے ساتھ ہیں مگر اس نے تکبر کا مظاہرہ کیااور بات بات پر یہی کہتا رہا کہ میں این آر او نہیں دوں گا،میں اپنے کسی سیاسی مخالف سے بات نہیں کروں گا، میں انہیں جیلوں میں ڈالوں گا،میں ان کی شکل دیکھنا پسند نہیں کرتا بھلا سیاست میں اس طرح تھوڑا ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ایک محلے میں دو ہزار ووٹر ہیں،ایک امیدوار گیارہ سو ووٹ اور دوسرا نو سو ووٹ لے اور جیتنے والا کہے کہ میں باقی نوسو کو اپنے حلقے میں نہیں رہنے دوں گا یہ نہ سیاست ہے اور نہ جمہوریت۔

 انہوں نے کہا کہ ہمارے خلاف انتقامی کاروائیوں کا بازار گرم کئے رکھاگیا، ہمارے خلاف بڑی تعداد میں جھوٹے مقدمات بنائے گئے اورایک سازش کے تحت ملک کی سب سے بڑی عوامی پارٹی کے تین مرتبہ وزیراعظم رہنے والے قائد نواز شریف کونااہل کروایا جنہوں نے ملک سے بیس بیس گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ ختم کی، دہشتگردوں کے ناپاک وجود سے مقدس سرزمین کوپاک کیا، موٹرویز، ایکسپریس ویز بنائیں، میٹرو بسز، اورنج لائن جیسے منصوبے بنائے، جگہ جگہ ہسپتالوں، یونیورسٹیوں کے نیٹ ورک بنائے، بجلی کے کارخانے لگائے مگر اس فتنے نے نفرت کی سیاست کو فروغ دیتے ہوئے ملک و قوم کو وہ ناقابل تلافی نقصان پہنچایا جس کا برسوں میں ازالہ ممکن نہیں۔

 رانا ثنااللہ خان نے کہا کہ آپ نے جو مطالبات کئے ہیں انہیں ہر صورت پایہ تکمیل تک پہنچایا جا ئے گا۔انہوں نے کہا کہ عمرانی حکومت نے پونے چار سال میں عوامی خوشحالی اور فلاح کا کوئی کام نہیں کیا،یہ سڑکیں، سکول، کالج ریلوے پھاٹک پچھلے چار سال میں کیوں نہیں بن سکے۔انہوں نے کہا کہ جتنا عوام کا حق بنتا تھا ہم آپ کی اتنی خدمت نہیں کرسکے کیونکہ وقت کم اور وسائل کی کمی بھی درپیش تھی لیکن اگلے انتخابات کے بعد آپ کا ایک ایک مسئلہ حل کردیا جا ئے گا۔

 رانا ثنااللہ خان نے کہا کہ آپ کی خدمت کرنا  اور آپکے علاقے کی ڈویلپمنٹ کے کام کرنا ہماری ذمہ داری ہے جس میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جا ئے گی۔ انہوں نے کہا کہ میاں نواز شریف کے جانثار بھرپور طریقے سے انتخابات کی تیاری کریں تاکہ آئندہ انتخابات میں شاندار کامیابی حاصل کرکے اپنے محبوب قائد کی قیادت میں ایک بار پھر ملک کو تعمیر و ترقی کی شاہراہوں پر گامزن کیا جاسکے۔