بدین؛ ریجنل ڈائریکٹر صوبائی محتسب منظور علی سومرو کیجانب سے ڈسٹرکٹ اکاؤنٹ آفس میں کھلی کچہری  

21

بدین،25 جولائی (اے پی پی): صوبائی محتسب اعلیٰ سندھ کی ہدایات پر ریجنل ڈائریکٹر صوبائی محتسب اعلیٰ سندھ منظور علی سومرو کی جانب سے ڈسٹرکٹ اکاؤنٹ آفس بدین میں کھلی کچہری منعقد کی گئی، کھلی کچہری میں حاضر سروس اور ریٹائرڈ ملازمین کے مسائل سنے گئے ۔

اس موقع پر ریجنل ڈائریکٹر نے کہا کہ صوبائی محتسب اعلیٰ سندھ کی ہدایات پر ہر مہینے ڈسٹرکٹ اکاؤنٹ آفس بدین میں کھلی کچہری منعقد کی جا رہی ہے۔انہوں نے ڈسٹرکٹ اکاؤنٹ افسر کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ لوگوں کے جائز مسائل حل کئے جائیں، فوتگی اور ریٹائرمنٹ والے کیسز اور اساتذہ کے ڈفرینس بل ترجیحی بنیادوں پر حل کر کے ایک ہفتے میں رپورٹ دی جائے۔

 کھلی کچہری میں درخواست گزار امداد علی خاصخیلی ،اسد ،عبدالرزاق مندھرو ،علی رضا سمون اور دیگر نے اپنے مسائل پیش کئے جس پر  صوبائی محتسب اعلیٰ نے درخواست گزاران کو یقین دلایا   کہ آپ کے تمام جائز مسائل حل کئے جائیں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ اگر ڈسٹرکٹ اکاؤنٹ آفس میں شکایت کرنے کے باوجود بھی آپ کے مسائل حل نہ ہوں تو پھر میری آفس کے دروازے تمام درخواست گزاروں کے لیے ہر وقت کھلے ہیں ،ہر ایک درخواست گزار کا جائز مسئلہ ضرور حل کیا جائے گا۔

اس موقع پر ڈسٹرکٹ اکاؤنٹ افسر شکیل برڑو نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ایک مہینے میں 85 جی پی فنڈ کے کیسز مکمل کئے گئے ہیں اور 200 سے زائد ایل پی آر کے کیسز پینڈنگ میں ہیں جو بجٹ آنے کے ساتھ نمبروار ان لوگوں کے پیسے دیئے جائیں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ ایسی رپورٹ ہر ماہ ہیڈ آفس کو بھی ارسال کی جاتی ہے۔

اس موقع پر اسسٹنٹ رجسٹرار صوبائی محتسب اعلیٰ بدین عبدالستار میمن ، ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اکاؤنٹ ون گل جی ، ڈسٹرکٹ انفارمیشن افسر سرفراز سموں اور عام شہری بڑی تعداد میں موجود تھے۔