تعلیم 1950 کی دہائی سے آج تک پاکستان اور امریکہ کے درمیان ایک مضبوط ربط رہی ہے،سفیر مسعود خان

3

واشنگٹن ڈی سی، 24جولائی(اے پی پی): امریکہ میں پاکستان کے سفیر مسعود خان کا کہا ہے کہ تعلیم 1950 کی دہائی سے آج تک پاکستان اور امریکہ کے درمیان ایک مضبوط ربط رہی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے سفارتخانہ پاکستان واشنگٹن ڈی سی میں  ‘‘سٹڈی آف دی یو ایس انسٹی ٹیوٹ’’(سوسی) پروگرام کے تحت 25 پاکستانی طلبہ کے بیچ سے خطاب کرتے ہوئے کہی جو سفیر پاکستان سے ملاقات کرنے کے لئے  پاکستانی سفارت خانہ واشنگٹن ڈی سی  آیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی طلباء کی امریکہ آمد کے لحاظ سے گذشتہ سال ایک اچھا سال ثابت ہوا ہے کیونکہ اس سال یہ تعداد 8000تھی اور اس میں 17 فیصد اضافہ ہوا۔ ہماری آبادی اور پاکستان کی یونیورسٹیوں سے نکلنے والے طلباء کی تعداد کے پیش نظر یہ تعداد مزید بڑھنی چاہیے۔سفیر نے زور دیا کہ امریکہ میں زیادہ سے زیادہ پاکستانی طلباء ہونے چاہئیں۔