حکومت یقینی بنائے گی کہ نگران حکومت قومی مفاد کی پالیسیوں کا تسلسل قائم رکھے،پوری کوشش ہے کہ قومی ترقی کا سلسلہ جاری رہے،وزیراعظم

17

اسلام آباد،19جولائی(اے پی پی):وزیر اعظم محمد شہبازشریف نے کہا ہےکہ حکومت یقینی بنائے گی کہ آئندہ نگران حکومت قومی مفاد کی پالیسیوں کا تسلسل قائم رکھے،پوری کوشش ہے کہ قومی ترقی کا تسلسل برقرار رہے۔یہ بات انہوں نے بدھ کو اسلام آباد میں  اپنے  زیرِ صدارت سٹیٹ اونڈانٹر پرائزز میں جاری اصلاحات   بارے پیش رفت  کے  جائزہ اجلاس  کے دوران کہی۔ اجلاس میں وزیرِ اعظم کو اداروں بشمول کارپوریشنز کی کارکردگی کے اعشاریے پیش کرنے کے ساتھ ساتھ جاری اصلاحات پر پیش رفت  بارے بھی آگاہ کیا گیا۔

 وزیراعظم نے کہا کہ حکومت بین الاقوامی معیار کے عین مطابق اداروں کی بہتری اور عوام کو بہترین سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے  کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔وزیر اعظم کو بتایا گیاکہ سٹیٹ اونڈانٹرپرائزز میں اصلاحات کا عمل تیزی سے جاری ہے،جدید نظام اور بہترین سہولیات کی فراہمی  کے لیے  ان اداروں کے بورڈز میں ماہرین کی شمولیت یقینی بنائی جائے گی۔وزیر اعظم نے کہا کہ خدمات کی آؤٹ سورسنگ اور پبلک پرائیوٹ پارٹنرشپ میں شفافیت کے عنصر کو مرکزی اہمیت دی جائے،حکومت یقینی بنائے گی کہ آئندہ نگران حکومت قومی مفاد کی پالیسیوں کا تسلسل قائم رکھے،پوری کوشش ہے کہ قومی ترقی کا تسلسل برقرار رہے۔انہوں نے ہدایت کی کہ قومی خزانے کو خسارے سے نقصان پہنچانے والے اداروں کی اصلاحات کا ترجیحی بنیادوں پر نفاذ یقینی بنایا جائے۔

اجلاس میں وفاقی وزرا ء اسحاق ڈار، خواجہ محمد آصف، سید نوید قمر، مخدوم مرتضی محمود، انجینئر خرم دستگیر، خواجہ سعد رفیق، اعظم نذیر تارڑ، مشیر وزیرِ اعظم احد خان چیمہ، معاونین خصوصی جہانزیب خان، طارق باجوہ اور متعلقہ اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔