حیدرآباد،20 جولائی(اے پی پی):پاکستان ریلوے نے موہن جو دڑو مسافر ٹرین کو کوٹری اور روہڑی سے بیک وقت بحال کردیا ، وفاقی وزیر ریلوے و شہری ہوا بازی خواجہ سعد رفیق نے ٹرین کی بحالی کا اعلان کیا تھا۔ جمعرات کی صبح کوٹری ریلوے سٹیشن پر ایک تقریب منعقد ہوئی ،ڈی ایس ریلوے کراچی محمد ناصر خلیلی نے ربن کاٹ کر ٹرین کا افتتاح کیا اور دعائے خیر کی۔ ٹرین کو خوبصورت انداز طریقے سے سجایا گیا ۔کوٹری اور روہڑی سٹیشنز پر منعقدہ بیک وقت افتتاحی تقریب سے وفاقی وزیر ریلوے و شہری ہوا بازی خواجہ سعد رفیق نے وڈیو لنک پر شرکت کی ،ان کے ہمراہ چیئرمین پاکستان ریلوے سید مظہر علی شاہ بھی تھے ۔کوٹری سٹیشن پر منعقدہ تقریب میں ڈی ایس ریلوے کراچی محمد ناصر خلیل کے علاوہ ڈی سی او صبا جبین ،ڈی ٹی او سجاد احمد واگھواور جملہ ڈویژنل ، اسسٹنٹ افسران اور سٹیشن ماسٹرکوٹری بھی موجود تھے ۔
موہن جودوڑو پسنجر ٹرین میں 10اکانومی کوچز اور ایک پاور وین اور بریک وین پر مشتمل ہے جن میں856مسافروں کی بیٹھنے کی گنجائش ہے ۔یہ ٹرین کوٹری سے روہڑی جاتے ہو ئے سندھ یونیورسٹی جامشورو ، سیہون ، دادو ، رحمانی نگر،موہن جودڑو ،باقرانی روڈ ، لاڑکانہ ،شاہنواز بھٹو ،حبیب کوٹ اور سکھرریلوے سٹیشنز سے ہوتی ہوئی 22چھوٹے وبڑے سٹاپ کیا کرے گی ۔موہن جودوڑو ٹرین کی بحالی سے مذکورہ روٹ پر رہنے والے عوام میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے ،یہ پسنجر ٹرین اَپ213کوٹری سے روزانہ صبح سوا 8بجے روانہ ہوا کرے گی اور شام 7بج کر30منٹ پر روہڑی ریلوے سٹیشن پہنچے گی اور روہڑی سے یومیہ صبح7بجے کوٹری کے لیے روانہ ہو گی اور سوا6بجے شام کوٹری ریلوے سٹیشن پر پہنچے گی ۔واضح رہے کہ گزشتہ سال شدید بارشوں وسیلاب کی وجہ 26اگست کو موہن جو دڑو ٹرین سروس معطل کردی گئی تھی جو 11ماہ بعد بحال کردی گئی ہے ۔