خوشاب؛جمالی بلوچاں میں روایتی کھیل تھپڑ کبڈی میچ کا انعقاد،کھلاڑیوں نے اپنی طاقت کا خوب مظاہرہ کیا

47

جوہرآباد،03 جولائی( اے پی پی): عید کے پرمسرت موقع پر خوشاب کے نواحی علاقہ جمالی بلوچاں میں پنجاب کے روایتی کھیل تھپڑ کبڈی میچ کا انعقاد کیا گیا جس میں کھلاڑیوں نے اپنی طاقت کا خوب مظاہرہ کیا اور شائقین سے داد سمیٹی۔

کبڈی میچ میں دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں نے ایک دوسرے پر تمانچوں اور تھپڑوں کی بارش کر دی جس پر تماشائیوں نے خوب داد دی۔ کبڈی میچ دیکھنے کے لیے اہل علاقہ کی کثیر تعداد گراؤنڈ میں امڈ آئی ،دلچسپ کھیل دیکھ کر شائقین ڈھول کی تھاپ پر خوشی میں بھنگڑے ڈالتے اور لطف اندوز ہوئے۔ کبڈی میچ میں پلواں کلب نے جھنگ کلب کی ٹیم کو دلچسپ مقابلے کے بعد شکست دی ۔

تقریب کے اختتام پر جیتنے والی ٹیم میں انعامات تقسیم کئے گئے ،جیت کی خوشی میں کبڈی شائقین کی طرف سے جیت کا جشن منایا گیا۔