ریجنل پولیس آفیسر ڈیرہ غازی خان کامحرم الحرم کے حوالے سےقائم  کنٹرول روم کا دورہ،مانیٹرنگ کے طریقہ کار کاتفصیلی جائزہ 

5

ڈیرہ غازی خان، 25 جولائی(اے پی پی):ریجنل پولیس آفیسر ڈیرہ غازی خان کیپٹن (ر) سجادحسن خان نے محرم الحرام کے حوالے سے ریجنل پولیس آفس میں قائم کنٹرول روم کا دورہ کر کے ورکنگ و مانیٹرنگ کے طریقہ کار کاتفصیلی جائزہ لیا۔اس موقع پر انہوں نے تمام اضلاع میں محرم الحرام کے حوالے سے جاری مجالس و جلوس کے پروگرامز، جلوسوں کے روٹس، آغاز و اختتامی پوائنٹس، تعینات نفری سمیت تمام ترسکیورٹی اقدامات کا آن لائن معائنہ کیا۔ آر پی او نے کنٹرول روم سے محرم الحرام کے جلوسوں اور مجالس سمیت تمام پروگرامز کی مکمل مانیٹرنگ کرنے کے احکامات جاری کیے اور انہوں نے کہا کہ محرم الحرام کے تمام پروگرامز کی ویڈیو ریکارڈنگ کی جائے اور جلوسوں کے روٹ پرنصب سی سی ٹی وی کیمرے مکمل فعال رکھے جائیں ۔

انہوں نے کہا کہ تمام اضلاع میں حکومت کے جاری کردہ ضابطہ اخلاق اور اوقات کار کی پابندی پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے ،کسی بھی ہنگامی صورتحال کے پیش نظر فوری طورپر متعلقہ افسران کو آگاہ جائے محرم الحرام کے تمام پروگرامز کی 24 گھنٹے لمحہ با لمحہ مانیٹر جاری رکھیں۔

انہوں نے کہا کہ ریجن بھر میں پولیس کی جانب سے کسی بھی صورتحال سے نمٹنے لیے تمام تر اقدامات مکمل ہیں۔ امن و امان کو برقرار رکھنے اور ہر قسم کے چیلنج سے نمٹنے کے پولیس مکمل طور پرتیار ہے۔