سکھر، 24جولائی ( اے پی پی):سول ڈیفنس آرگنائزیشن سکھر کے زیر اہتمام ہر سال کی طرح اس سال بھی محرم الحرام کے سلسلے میں پرانہ سکھر میں عزاداران امام حسین رضی اللہ تعالی عنہ کو ابتدائی طبی امداد دینے کے حوالے سے ایڈیشنل کنٹرولر امیر الدین عباسی،ڈپٹی چیف وارڈن ڈاکٹر سعید اعوان،انسٹرکٹر علی انور نائچ،آغا اکرم درانی،حاجی ریاض کھوکھر،عدنان شیخ کے زیر نگرانی فرسٹ ایڈ کیمپ کا انعقاد کیا گیا۔
فرسٹ ایڈ کیمپ میں 20 سے زائد رضا کاروں نے خدمات انجام دیں،63 عزداران کو ابتدائی طبی امداد دی گئی۔
اس موقع پر ڈپٹی چیف وارڈن ڈاکٹر سعید اعوان نے کہا کہ آج ہر پاکستانی کو سول ڈیفنس کا رضا کار بننا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ ملک میں سماجی انقلاب کی ضرورت ہے،دین خیر خواہی کا نام ہے،اسلام دوسروں کی خیر اور نیکی کی تلقین کرتا ہے، وہ لوگ بڑے عظیم ہوتے ہیں جو صرف اور صرف اللہ کی رضا کے لئے بغیر کسی ریاکاری و تشہیر کے خدمت خلق انجام دیتے ہیں۔
ڈپٹی چیف وارڈن ڈاکٹر سعید اعوان نے کہا کہ وہی حکومتیں و ادارے لوگوں کے دلوں پر حکمرانی کرتی ہیں جو عام لوگوں کی فلاح بہبود کےلئے شب روز کام کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سول ڈیفنس آرگنائزیشن کے رضاکاروں نے بغیر کسی ذاتی مفاد کے خدمت خلق میں اپنا بھرپور کردار ادا کیا ہے۔