سکھر؛ سرکاری محکموں میں گریڈ 15 تک کی آسامیوں کے لیے جاری ٹیسٹ میں شفافیت کو یقینی بنایا جا رہا ہے، پروفیسر ڈاکٹر آصف احمد شیخ

24

سکھر،13جولائی(اے پی پی): آئی بی اے یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر آصف احمد شیخ نے کہا کہ سرکاری محکموں میں گریڈ 1سے گریڈ 15 کی آسامیوں کے لیے جاری ٹیسٹ میں انتہا حد تک میرٹ کی شفافیت کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔

 آئی بی اے ٹیسٹنگ سروسز (ایس ٹی ایس) کے سی ای او اور سکھر آئی بی اے یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر آصف احمد شیخ نے اہم اپ ڈیٹس اور پیشرفت فراہم کرنے اور سوالات کے جوابات دینے کے لیے سندھ حکومت کے مختلف محکموں میں گریڈ 5 سے گریڈ 15 کی آسامیوں کے لیے جاری ایس ٹی ایس اسکریننگ ٹیسٹ کے حوالے سے میڈیا کو بریفنگ دی۔

 پروفیسر ڈاکٹر آصف احمد شیخ نے کہا کہ گریجویشن اور انٹرمیڈیٹ کی کٹیگریز کے اسکریننگ ٹیسٹوں کے کامیابی سے انعقاد کے بعد، ہمیں یہ اعلان کرتے ہوئے فخر محسوس ہو رہا ہے کہ یہ عمل انتہائی شفافیت کے ساتھ انجام دیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ  انتخاب کے عمل میں میرٹ ہی واحد فیصلہ کن عنصر ہے، یہ ٹیسٹ متعلقہ عہدوں کے لیے سب سے زیادہ اہل امیدواروں کی شناخت کے لیے ڈیزائن کیے گئے تھے، تمام اہل امیدواروں کو میرٹ، معیار اور مساوی مواقع فراہم کرنے کے ہمارے عزم کے مطابق  پرکھا جا رہا ہے۔

 پروفیسر ڈاکٹر آصف احمد شیخ نے کہا کہ  میٹرک کی کٹیگری کے لیے اسکریننگ ٹیسٹ جلد منعقد کریں گے، مجموعی طور پہ یہ ٹیسٹ امیدوار کے تعلیمی سطح پر ان کو سندھ حکومت کے اندر عہدوں کے لیے مقابلہ کرنے اور صوبے کی ترقی اور پیشرفت میں حصہ ڈالنے کے قابل بنائیں گے،کامیاب نوجوان روزگار کے ساتھ ساتھ صوبے کی افرادی قوت میں بھی موثر کردار ادا کرینگے۔

  پروفیسر ڈاکٹر آصف احمد شیخ نے امیدواروں کو یقین دلایا کہ امتحانی عمل شفافیت، انصاف پسندی اور میرٹ کے اعلیٰ ترین معیاروں کے ساتھ ان کی نگرانی میں کیا جا رہا ہے، نوجوان اپنی صلاحیتوں پر بھروسہ کریں، اپنی پڑھائی کے لیے وقف رہیں اور آنے والے امتحانات میں اعتماد کے ساتھ بیٹھیں۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت کے محکموں میں بی پی ایس پانچ تا پندرہ کے عہدوں کے لیے جاری اسکریننگ ٹیسٹ میرٹ کی وژن کے حصول کی جانب ایک اہم قدم ہیں۔