نارووال، 13 جولائی (اے پی پی):وزیراعلٰی پنجاب سید محسن نقوی کی خصوصی ہدایات پر صوبائی وزیر ہائرایجوکیشن منصور قادرنےضلع نارووال کا ہنگامی دورہ کیا۔ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرہسپتال نارووال اور دریائے راوی پر چندیاں کے مقام پر بنائے جانے والےحفاظتی بند کا دورہ کیا اورڈی۔ایچ۔کیو ہسپتال نارووال میں ایمرجنسی،ڈائیلسیز یونٹ،او پی ڈی،فارمیسی سمیت مختلف وارڈز کا معائنہ کیا۔
صوبائی وزیر ہائرایجوکیشن کی جانب سے مریضوں سے گفتگو کرتے ہوئے انکو مہیا کی جانے والی علاج معالجے کی سہولیات کا جائزہ لینے سمیت ڈی۔ایچ۔کیو میں سانپ کے کاٹے کے علاج کی ویکسین کا سٹاک بھی چیک کیا گیا۔
بعد ازاں صوبائی وزیر ہائرایجوکیشن منصور قادر نے ڈپٹی کمشنر نارووال چوھدری محمد اشرف کے ہمراہ دریائے راوی پر چندیاں کے مقام پر بنائے جانے والے حفاظتی بند کا بھی دورہ کیا۔بند کی موجودہ حالت کو تسلی بخش قرار دیتے ہوئے سیلاب کی صورت میں پیدا ہونے والی ہنگامی حالت سے نمٹنے کی بابت محکمہ سول ڈیفنس،ریسکیو،ہیلتھ،لائیوسٹاک اورایگریکلچر ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے لگائے جانے والے امدادی کیمپس پر ڈیوٹی سر انجام دینے والے اہلکاروں کو مستعد رہنے اور عوام الناس کی حفاظت کو ہر صورت یقینی بنانے کی ہدایات جاری کی گئیں۔