ضلعی انتظامیہ نے شدید بارشوں کے پیش نظر ہنگامی اقدامات کا آغاز کردیا، ڈی سیعمر جہانگیر

27

ملتان، 06 جولائی ( اےپی پی): ڈپٹی کمشنر عمر جہانگیر نے کہا ہے کہ ضلعی انتظامیہ نے شدید بارشوں کے پیش نظر ہنگامی اقدامات کا آغاز کردیا ہے اس سلسلے میں واسا سمیت ضلعی محکموں کو ریڈ الرٹ جاری کردیا گیا ہے جبکہ اسسٹنٹ کمشنرز کو ممکنہ سیلاب کے پیش نظر فلڈ بندوں پر تجاوزات آپریشن کرنے کا بھی ٹاسک دیا گیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار ڈپٹی کمشنر عمر جہانگیر نے ضلعی ڈیزاسٹر مینجمنٹ کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر واسا،پی ڈی ایم اے اور ضلعی محکموں نے فلڈ انتظامات پر تفصیلی بریفننگ دی۔ڈپٹی کمشنر عمر جہانگیر نے کہا کہ واسا نشیبی علاقوں میں نکاسی آب کیلئے خصوصی کیمپ آفس قائم کرے جبکہ سیوریج لائنوں اور مین ہولز کی صفائی ترجیحی بنیادوں پر مکمل کی جائے۔عمر جہانگیر کا کہنا تھا کہ شہریوں میں بارشی حادثات سے بچاؤکیلئے خصوصی آگاہی مہم بھی چلائی جائے گی جبکہ سول ڈیفنس اہلکار کسی بھی ایمرجنسی میں خدمات سر انجام دینگے۔