قصور؛محرم الحرام کے پر امن انعقاد کیلئے اتحاد بین المسلمین کا اجلاس، انتظامات کا جائزہ لیا  گیا

6

قصور،13جولائی(اے پی پی): آر پی او شیخوپورہ ریجن بابر سرفراز الپا کی زیر صدارت محرم الحرام کے پر امن انعقاد کیلئے اجلاس اتحاد بین المسلمین کا انعقاد ڈسٹرکٹ پولیس لائن میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈی پی او طارق عزیز سندھو اور سرکل افسران  سمیت  ممبران امن کمیٹی، منتظمین مجالس و جلوس، لائسنس ہولڈرز اور مختلف مکاتب فکر کے علما کرام نے شرکت کی۔

 اجلاس میں محرم الحرام کے دوران قیام امن اور سکیورٹی انتظامات سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔آرپی اوبابرسرفرازالپانے کہاکہ منتظمین مجالس و جلوس کی سکیورٹی، تجاوزات، لائٹس کی تنصیبات،پارکنگ اور سیوریج سمیت دیگر مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائینگے۔انہوں نے کہاکہ عزاداری کے جلوسوں کی سیف سٹی اور سی سی ٹی وی  کیمروں سے مانیٹرنگ کی جائے گی جبکہ منتظمین کے تعاون سے شرکا کی چیکنگ کا عمل موثر بنایا جائے گا۔

 ڈی پی او قصورطارق عزیزسندھونے کہاکہ محرم الحرام کے دوران قصور پولیس جلوسوں اور مجالس کیلئے فول پروف سکیورٹی فراہم کرے گی۔  ممبران امن کمیٹی، منتظمین مجالس و جلوس اور لائسنس ہولڈرز کیساتھ باقاعدگی سے میٹنگز کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ اسلام ہمیں محبت، رواداری اور صبر کا درس دیتا ہے، محرم الحرام کے دوران تمام مکاتب فکر کے علماء نفرت اور شر انگیز تقاریر سے اجتناب کریں۔ انہوں نے کہاکہ انشاللہ قصور پولیس اپنے شہریوں کی جان و مال کی حفاظت کی خاطر ہمہ وقت الرٹ ہے۔

اجلاس میں شامل تمام شرکا نے محرم الحرام کے پر امن انعقاد کیلئے پولیس کیساتھ بھرپور تعاون کی یقین دہانی کروائی ۔

قبل ازیں آر پی او شیخوپورہ کی ڈسٹرکٹ پولیس لائن آمد پر پولیس کے چاک وچوبند دستے نے سلامی پیش کی جبکہ آر پی او شیخوپورہ نے یادگار شہدا پر پھولوں کی چادر چڑھائی۔