ملتان؛ موٹروے پولیس نے روڈیوزر کا گمشدہ موبائل ڈھونڈ کر واپس کردیا

48

ملتان،19 جولائی(اے پی پی):موٹروے سنٹرل 2 زون بیٹ 23 موٹروے پولیس نے روڈیوزر کا گمشدہ موبائل ڈھونڈ کر واپس کردیا۔ شیخوپورہ سے اُچ شریف سفر کرنے والا حسیب احمد موبائل جلالپور ریسٹ ایریا میں بھول گیا تھا،موٹروے پولیس نے موبائل متعلقہ روڈیوزر کو واپس کر کے ایمان داری اور فرض شناسی کی ایک اور مثال قائم کر دی ہے۔

 روڈیوزر نے موٹروے ہیلپ لائن 130 پر کال کر کے موبائل کی گمشدگی اور اپنی پریشانی کے بارے میں بتایا۔ سیکٹر-1، بیٹ 23 کے وائرلیس آپریٹر نے بذریعہ وائرلیس پٹرولنگ موبائل ٹائیگر 3 اور ڈی ایس پی بیٹ 23 حسن بھٹی کو جلالپور ریسٹ ایریا میں موبائل کی گمشدگی کی اطلاع دی جس پر ایکشن لیتے ہوئے ڈی ایس پی حسن بھٹی نے فوراً ریسٹ ایریا کے ٹھیکیدار کو کال کرکے گمشدہ موبائل کے بارے بتایا اور پٹرولنگ کار پر ڈیوٹی پر مامور افسران پیٹرول آفیسر محمد عابد  اور پیٹرول آفیسر حسان ملک کو ہدایات دیں کہ روڈ یوزرز کو لیکر ریسٹ ایریا پہنچیں جس پر عملدرآمد کرتے ہوئے روڈیوزر کو  ریسٹ ایریا لے گئے اور موبائل ڈھونڈ کر روڈیوزر کو واپس کر دیا۔ متعلقہ روڈیوزر نے موٹروے پولیس افسران کا بروقت کاروائی پر شکریہ ادا کیا ۔

 سیکٹر کمانڈر رانا محمد اسماعیل نے دونوں افسران کو تعریفی سرٹیفکیٹ دینے کا اعلان کیا اور کہا کہ فرض شناسی اور ایمانداری میں موٹروے پولیس کا کوئی ثانی نہیں ہے۔