میر پور خاص ؛محرم الحرام میں فول پروف سکیورٹی انتظامات کے حوالے سے اجلاس

21

میر پور خاص،6 جولائی (اے پی پی): محرم الحرام کے حوالے سے ایس ایس پی میرپورخاص کیپٹن (ر) اسد علی چودھری کی جانب سے ایس ایس پی آفس میرپورخاص میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں محرم الحرام کے موقع پر سکیورٹی پلان کے حوالے سے بات چیت کی گئی۔

اس حوالے سے ایس ایس پی میرپورخاص کا کہنا تھا کہ محرم الحرام کے موقع پر فول پروف سکیورٹی انتظامات کئے گئے ہیں تاہم کسی شخص کو بھی قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں ہوگی بصورت دیگر اس کے ساتھ سختی سے نمٹا جائیگا۔

ایس ایس پی میرپورخاص نے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ محرم الحرام کے دوران ماتمی جلوسوں، مجالس اور مذہبی اجتماعات کی سیکیورٹی کیلئے فول پروف انتظامات کیئے گئے ہیں جس میں پولیس کے ساتھ ساتھ پاکستان رینجرز اور رضاکار بھی امن امان اور فول پروف سکیورٹی کیلئے ڈیوٹی سرانجام دینگے۔ اس دوران ایس ایس پی نے تمام ڈی ایس پیز، اور ایس ایچ او صاحبان کو محرم الحرام کے دوران سکیورٹی کیلئے تشکیل دیے گئے پلان سے آگاہ کیا اور سخت احکامات دیتے ہوئے ڈی ایس پیز اور ایس ایچ اوز کو فول پروف اور سخت سکیورٹی کی ہدایات بھی جاری کیں۔

 مجالس اور جلوسوں میں شرکاءکی جامع تلاشی لینے حساس جگہوں اور ضلع کے داخلی و خارجی راستوں پر سخت چیکنگ کی ہدایات بھی جاری کی گئیں تاہم عورتوں کی تلاشی کیلئے لیڈی سرچر پولیس کانسٹیبلزاور لیڈیز رضاکار تلاشی کے فرائض انجام دیں گی۔

 علاوہ ازیں تمام افسران ڈی ایس پیز، ایس ایچ اوز اپنے اپنے علاقے کے جلوس و مجالس کے منتظمین و علمائے کرام سے رابطہ میں رہیں گے ۔

اجلاس میں میرپورخاص ضلع کے تمام ایس ڈی پی اوز، ایس ایچ اوز، انچارج ٹریفک اور انچارج 15 مددگار شریک ہوئے ۔