نارووال ، 21 جولائی (اے پی پی): ڈپٹی کمشنرمحمداشرف نے تمام محکموں کے افسران کوسختی سے ہدایت کی ہے کہ وہ اپنےسرکاری اداروں میں صفائی ستھرائی اوربالخصوص کھڑے پانی کی فوری نکاسی کویقینی بنائیں تاکہ ممکنہ طورپر انسدادڈینگی کا موجب بننے والے اسباب کو ختم کیاجاسکے، اس حوالے سے کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔
انہوں نے یہ بات انسداد ڈینگی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ڈپٹی کمشنر محمد اشرف نے کہاکہ انسداد ڈینگی کے لئے متعلقہ ٹیمیں روزانہ کی بنیادپرممکنہ ڈینگی لاروے اور مچھر کی افزائش والے مقامات کا معائنہ جاری رکھے۔انہوں نےکہا کہ محکمہ صحت کی جانب سے شہریوں کوانسداد ڈینگی بارے احتیاطی تدابیرسے آگاہ کیاجائےاور اس کے ساتھ ساتھ ضلع بھر میں نرسریوں ،کباڑ خانوں ،قبرستانوں اور ٹائرشاپس کی پڑتال کا عمل جاری رکھاجائے۔
اجلاس میں سی ای او ہیلتھ ڈاکٹرنویدحیدراورفوکل پرسن نے ڈپٹی کمشنرنارووال کوبتایا کہ رواں ہفتے کے دوران 414 انڈور ٹیموں کی طرف سے 188652اور 74آوٹ ڈورٹیموں کی طرف سے13ہزار666دورے کیے گئے اور 1469ہاٹ سپاٹ چیک کیے گئے ،اس دوران محکمہ صحت کی طرف سے ڈینگی ایس اوپیزپرعمل درآمد کے حوالے سے 130نوٹسز جاری کیے گئے۔
اجلاس میں چیف ایگزیکٹوآفیسرصحت ڈاکٹرنویدحیدر فوکل پرسن انسدادڈینگی محمدطارق،انٹامالوجسٹ امانت علی کے علاوہ ایجوکیشن، زراعت،لائیوسٹاک،انڈسٹریز،سول ڈیفنس،ریسکیو1122،ماحولیات،زکوتہ،فوڈ،،ایری گیشن ،سپورٹس ودیگرتمام متعلقہ محکموں کے افسران نےشرکت کی۔