نوشہرہ ورکاں،06 جولائی(اے پی پی): نوشہرہ ورکاں اور گردو نواح میں ٹھنڈی ہواؤں کی آمد کے ساتھ ساتھ چار روز سے وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ شروع ہونے کے باعث عوام خوش ہیں۔
نوشہرہ ورکاں اور گردو نواح میں گرجتے برستے سیاہ بادلوں کے ہمراہ ٹھنڈی ہوا کے جھونکوں کے ساتھ موسلا دھار اور ہلکی بارش سے شدید گرمی کے اثرات کا جمود ٹوٹ گیا ہے دوسری طرف گلیوں اور شاہراوں پر مسلسل برساتی پانی موجود رہنے سے دشواری کا سامنا ہے۔
زرعی ماہرین کا کہنا ہے کہ گزشتہ ہفتے میں شدید گرمی سے دھان کی فصلوں میں پانی کو لیول رکھنے میں مشکلات کا سامنا چلا آ رہا تھا اور مہنگی بجلی اور تیل جلانے پر کاشتکار بھی پریشان تھے جبکہ بارش کے رواں سسٹم سے دھان کی فصلوں کے لیے انتہائی مفید ہے جبکہ جانوروں کے لیے چارہ بنانے جیسی مشکلات مزید بڑھ گئی ہیں اور گردو نواح میں بوسیدہ چھتیں اور دیواریں گرنے سے تین افراد کے جاں بحق اور متعدد افراد زخمی ہوئے۔