نوشہرہ ورکاں، 23 جولائی(اے پی پی):نوشہرہ ورکاں میں دوسرے روز بھی آسمان پر بادلوں کا راج ہے اور کہیں کہیں ہلکی ہلکی بوندا باندی سے موسم خوشگوار ہو گیا ہے۔
گزشتہ روز موسلا دھار بارش سے نظام زندگی معطل ہو گیا تھا، شدید بارش سے تمام شاہرائیں برساتی پانی سے نالوں کا روپ دھار گئی تھیں،جس کے باعث ٹریفک اور پیدل چلنے میں دشواری کا سامنا تھا۔
برساتی پانی کے انخلا کے لیے میونسپل کمیٹی کا عملہ ہمہ تن مصروف ہے جبکہ اسسٹنٹ کمشنر محمد نوید حیدر کا کہنا ہے کہ شدید اور طوفانی بارشوں کے سبب کسی بھی شہر یا قصبے کا ڈرینج سسٹم مخصوص وقت کے لیے ناکافی ہو جاتا ہے اور عملہ میونسپل کمیٹی اپنی زمہ داریوں اور ڈیوٹی سے غافل نہیں اور برساتی پانی کو نکالنے کی کوششیں ساتھ ساتھ جاری ہیں۔