اسلام آباد،07جولائی (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان میں ٹائروں کی صنعت میں چینی کمپنی کے پاکستانی کمپنی کے ساتھ جائنٹ وینچر کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان چینی سرمایہ کاروں کوپاکستان میں سرمایہ کاری کےلئے ہر طرح کی معاونت فراہم کرے گا۔
وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف سے سروس لانگ مارچ ٹائرز اور چائیویانگ لانگ مارچ ٹائرز کے وفد نے چیئرمین لی چنگوین کی قیادت میں جمعہ کو یہاں ملاقات کی۔معاون خصوصی طارق پاشا اور متعلقہ اعلیٰ حکام بھی ملاقات میں موجود تھے۔وزیرِ اعظم نے وفد کی پاکستان میں ٹائروں کی صنعت میں معروف پاکستانی کمپنی کے ساتھ جائنٹ وینچر کے ذریعےسرمایہ کاری کا خیرمقدم کیا۔
وزیراعظم کو بتایا گیا کہ چینی کمپنی کی سرمایہ کاری سے قائم پلانٹ سے پاکستان میں تیار شدہ ٹائر بین الاقوامی منڈیوں میں فروخت ہو رہے ہیں،کمپنی کے پاکستان میں تیار شدہ ٹائروں نے ایک برس کی قلیل مدت میں بین الاقوامی منڈیوں میں اپنی جگہ بنا لی ہے،کمپنی پاکستان میں ٹائروں کی پیداوار کو بڑھا کر سالانہ برآمدات کو 200 ملین ڈالر تک لے کر جائے گی۔ وزیراعظم نےمتعلقہ حکام کو چینی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں ٹائروں کی صنعت کی بہتری کیلئے ہر قسم کی معاونت فراہم کرنے کی ہدایت کی ۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ٹائروں کی سمگلنگ کی روک تھام یقینی بنانے اورٹائر اور سپیئر پارٹس کی سمگلنگ روکنے کیلئےجامع پالیسی جلد پیش کرنے کی بھی ہدایت کی ۔
وزیراعظم نے کہا کہ چین پاکستان کا دیرینہ دوست ہے،چین نے پاکستان کی ہر مشکل وقت میں بھائیوں کی طرح مدد کی۔ انہوں نے یقین دلایا کہ پاکستان چینی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری میں ہر قسم کی معاونت فراہم کرے گا۔