جدہ،21 جولائی (اے پی پی ):سعودی عرب میں پاکستان کے قونصل جنرل خالد مجید نے کہا ہے کہ پاکستان کشمیریوں کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت سے اس وقت تک پیچھے نہیں ہٹے گا جب تک کہ کشمیریوں کو ان کا حق خودارادیت مل نہیں جاتا، بھارت کے مظالم پر پاکستان کسی صورت خاموش نہیں رہ سکتا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جموں کشمیر کمیونٹی اوورسیز (جے کے سی او) کی طرف سے اپنے اعزاز میں دئیے گئے عشائیہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔جس کی صدارت جے کے سی او کے چئیرمین سردار وقاص عنایت اللہ نے کی، نظامت کے فرائض سردار مہتاب سرور نے سنبھالے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے قونصل جنرل خالد مجید نے کشمیری اور پاکستانی کمیونٹی کا شکریہ ادا کیا کہ قونصل خانے نے جو بھی بہتری کے اقدامات کیے ہیں، اس میں کشمیری کمیونٹی کا اہم کردار ہے ۔انہوں نے سعودی حکومت کا خصوصی شکریہ ادا کیا کہ انھوں نے ہماری ہر جائز بات اور مطالبے کو ترجیحی بنیادوں پر دیکھا ہے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جے کے سی او کے سینئیر وائس چئیرمین انجینئر عارف مغل نے مہمانان کو خوش آمدید کہا۔ انھوں نے کہا کہ بھارت کشمیر میں کشمیریوں کی دہائیوں سے نسل کشی کررہا ہے، انسانی حقوق کی پامالی کررہا ہے، یسین ملک اور شبیر شاہ سمیت بے شمار کشمیری راہنماؤں کو صرف اس لیے قید و بند کیا ہوا ہے کہ وہ اپنی دھرتی کی آزادی کی بات کرتے ہیں، کشمیریوں پر ہونے والے مظالم کو رکنا چاہیے اور کشمیری راہنماؤں اور دیگر معصوم کشمیریوں کو فی الفور رہا کرنا چاہیے اور کشمیریوں کو ان کا حق استصواب رائے ملنا چاہیے ۔
انھوں نے سعودی عرب اور او آئی سی کی خدمات کو بھی سراہا اور اس خواہش کا اظہار کیا کہ کشمیر کے مسئلے کے حل کے لیے مسلم امہ بہت اہم کردار ادا کرسکتی ہے اور اسے یہ کردار ہر صورت ادا کرنا چاہیے۔
چیئرمین جے کے سی او سردار وقاص عنایت اللہ نے مہمانوں کی آمد پر ان کا شکریہ ادا کیا۔تقریب میں پاکستان اور کشمیر کی تقریباً تمام سیاسی جماعتوں کے اکابرین، قونصل خانے کے افسران اور میڈیا سے تعلق رکھنے والی شخصیات کے ساتھ ساتھ دیگر لوگوں نے بھی شرکت کی۔
تقریب کے اختتام پر کشمیر کی آزادی، پاکستان کی بقا اور سعودی عرب کی سلامتی کے لیے دعا بھی کی گئی۔