چودہ(14) ماہ کی تگ و دو کے بعد  ہم نے ملک کو ڈیفالٹ ہونے سے بچایا؛خواجہ محمد آصف

15

سیالکوٹ،9جولائی(اے پی پی): وفاقی وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ ہم نے نہایت ہی مشکل حالات میں حکومت سنبھالی، پی ٹی آئی نے ملک کا بیڑہ غرق کر کے رکھ دیا تھا،  ہمارے پاس چوائس تھی کی فوری طورپر اسمبلیاں تحلیل کردیتے لیکن ایسا کرنے سے معیشت مزید تباہ ہوجاتی اور ملک 14ماہ قبل ہی ڈیفالٹ ہوجاتا،14 ماہ کی تگ و دو کے بعد  ہم نے ملک کو ڈیفالٹ ہونے سے بچایا، ہم نے ملکی معیشت کو سنبھالنے کے لیے فوری طور پر اسمبلیاں تحلیل نہیں کیں اور یہی وجہ ہے کہ ملک آہستہ آہستہ  بہتری کی جانب گامزن ہے، ہم پرعزم ہیں بہت جلد ملک کو اندھیروں سے نکالنے میں کامیاب ہو جائیں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے یونین کونسل نیکاپورہ  میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔  انہوں نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کے غلط سیاسی فیصلوں کی وجہ سے ان کی حکومت گئی، اس شخص نے اتنی غلطیاں کیں جس کے ڈپریشن میں اس نے 9 مئی کا پلان بنایا، 9 مئی ملکی تاریخ کا سیاہ دن تھا، اس نے ریاست کو للکارا، اس نے دشمنوں کی طرح کردار ادا کیا، اس شخص نے دفاع کے ضامن ادارے کو للکارا، اسے اس کی قیمت ادا کرنی پڑے گی تاکہ اگر کسی کی یہ غلط فہمی ہے کہ ہمارے دفاع کے ضامن ادارے کو للکارا جا سکتا ہے تو وہ ختم ہو جائے کیونکہ ملکی دفاع کے ضامن ادارے کے پیچھے پوری قوم کھڑی ہے۔

وفاقی وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا کہ بیرونی اشیر باد کے بغیر 9 مئی کا واقعہ ممکن نہیں ،وطن اور اسکی مٹی کے ساتھ کمٹمنٹ ہے اسے کسی صورت بھی للکارا نہیں جا سکتا۔  انہوں نے کہا کہ سیاسی غلطیوں کی اس نے قیمت ادا کی اور  پی ٹی آئی کی حکومت چلی گئی۔انہوں نے کہا کہ سیاست دانوں نے بےشمار غلطیاں کیں لیکن کسی پارٹی کا کوئی ورکر مفرور ہوتے نہیں دیکھا جس طرح ان کے لیڈران مفرور ہوئے، سیاسی ورکر عزت آبرو سے گرفتار ہوتا ہے تو اس کی چادر چار دیواری کا تقدس بھی رہتا ہے۔

وفاقی وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا کہ عدم اعتماد کی تحریک اس لیے کامیاب ہوئی کہ پی ٹی آئی نے  اپنے دوستوں کا بھی لحاظ نہ رکھا، ہم نے پی ٹی آئی کے دوستوں کو عدم اعتماد میں استعمال نہیں کیا بلکہ ان کے اتحادیوں کے ذریعے عدم اعتماد کی تحریک کامیاب بنائی۔

 وزیر دفاع کا کہنا تھا  کہ پی ڈی ایم کے رہنما گرفتار ہوئے، کوئی روپوش نہیں ہوا، سیاسی ورکر مشکل وقت میں عزت و وقار کے ساتھ مشکلیں جھیلتے ہیں مگر پی ٹی آئی کے رہنما اس وقت جس طرح مفرور ہیں ایسے کوئی فرار نہیں ہوتا،  آج آئی ایم ایف والے بھی سوچتے ہونگے کہ جن سے ہم میٹنگ کررہے ہیں ان میں پی ٹی آئی کے مفرور اور اشتہاری بھی شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں عام انتخابات کی تیاری کا تقریباً آغاز ہو چکا ہے، عوام  اپنے ووٹ کی طاقت سے آنے والے حکمرانوں کو منتخب کرینگے،پاکستان مسلم لیگ ن میں ٹکٹوں کی تقسیم کا سلسلہ  بھی جلد شروع ہو جائے گا۔

 وفاقی وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا کہ پی ڈی ایم کی سیاسی جماعتیں عام انتخابات کے لیے مشترکہ امیدوار لانے یا سیٹ ایڈجسٹمنٹ کا لائحہ عمل اپنائیں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ ہزاروں ارب روپے کی بجلی، گیس اور ٹیکس چوری ہوتی ہے، یہ چوری ہوتی رہی تو ہمارا ملک معاشی طور پر کبھی مستحکم نہیں ہوسکتا، ایسے بھی شہر ہیں جہاں 85فیصد تک بجلی اور گیس چوری ہوتی ہے۔

ورکر کنونشن میں سابق رکن صوبائی اسمبلی محمد منشاء اللہ بٹ ، سابق رکن صوبائی اسمبلی چوہدری محمد اکرام، ضلعی صدرمسلم لیگ (ن) چوہدری طارق سبحانی، بابر خان، رفیق مغل،چیئرمین یونین کونسل نیکاپورہ شیخ اشرف حیدر،  سٹی انفارمیشن سیکرٹری نصیرسعید ، شیخ اعجاز، سیخ منور، شیخ سہیل، رانا امجد، ملک ہمایوں، چوہدری نواز، فرخ حفیظ بٹ اور اسلام میر سمیت اہل علاقہ کی کثیر تعداد موجود تھی۔