ڈیرہ غازی خان: ضلع بھر میں غیر قانونی اسلحہ، منشیات اور بغیر نمبر گاڑیوں کے خلاف بھر پور آپریشن شروع کیا جائے، ڈی پی او کی ہدایت

29

ڈیرہ غازی خان،06 جولائی(اے پی پی):ڈی پی او حسن افضل نے کہا ہے کہ  ضلع بھر میں غیر قانونی اسلحہ، منشیات اور بغیر نمبر گاڑیوں کے خلاف بھر پور آپریشن شروع کیا جائے،پولیس کا کام شہریوں کو تحفظ فراہم کرنا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو اپنے آفس میں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں سرکل وائز پولیس پرفارمنس کا مشاہدہ کرتے ہوئے ڈی پی او نے ہر تھانہ کے زیر تفتیش مقدمات، چوری و ڈکیتی شدہ مال موٹر سائیکل برآمدگی، مجرمان اشتہاری کی گرفتاری اور معاشرتی جرائم کے خلاف کی جانے والی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا۔

انہوں نے کہا کہ اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے ایس ایچ اوز کو تعریفی سرٹیفکیٹ اور انعام سے نوازا جائے گا اور سستی و لاپرواہی کرنے والوں کے خلاف محکمانہ کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ تمام ایس ایچ او اپنے تھانے کی حدود میں غیر قانونی اسلحہ، منشیات اور بلا نمبر وہیکلز کے خلاف بھر پور آپریشن کریں۔

ڈی پی او حسن افضل  نے کہا کہ تمام زیرالتوا مقدمات جو زیر تفتیش ہیں ان کو میرٹ پر سنتے ہوئے بروقت یکسو کریں۔ ان کامزید کہنا تھا کہ  تمام ایس ایچ اوز اپنے مقررہ وقت میں تھانہ میں موجود رہیں اور عوامی شکایات سنیں۔

 ڈی پی او حسن افضل نے کہا کہ معاشرتی جرائم میں منشیات کے خاتمے ، غیر قانونی اسلحہ رکھنے والوں کے خلاف کارروائی، ہوائی فائرنگ،ون ویلنگ جواریوں کے خلاف ایکشن کو مزید تیز اور موثر بنایا جائے۔

اس موقع پر ایس پی انوسٹی گیشن بختیار احمد، ایس ڈی پی اوز سرکل ہائے اور ایس ایچ اوز وی دیگر پولیس اہلکاران موجود تھے۔