ڈیرہ غازی خان،06 جولائی (اے پی پی):محکمہ موسمیات کی طرف سے 7سے 9 جولائی تک ڈی جی خان ڈویژن میں بھی بارشوں کی پیشنگوئی کی گئی ہے جس کے پیش نظر آٹھ سے 10 جولائی تک دریائے چناب سے ضلع مظفر گڑھ میں فلڈ کےلئے ہائی الرٹ جاری کردیا گیا ہے۔
کمشنر ڈی جی خان ڈویژن ڈاکٹر ناصر محمود بشیر کی زیر صدارت ویڈیو لنک اجلاس منعقد ہوا جس میں ڈپٹی کمشنرز اور متعلقہ افسران شریک تھے۔اجلاس میں ڈی جی خان ڈویژن کے دریاوں اور رود کوہیوں میں ہائی فلڈ کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے جس کے تحت ڈی جی خان میں ممکنہ سیلاب سے نمٹنے کیلئے ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے شگافوں کو بند کرنے اور ضروری کام کی تکمیل کےلئے بھی ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے،کمشنر ڈی جی خان نے متعلقہ محکموں کی چھٹیاں منسوخ کردی ہیں اورچاروں اضلاع میں اربن فلڈنگ سے بھی نمٹنے کے احکامات جاری کردیئے گئے ہیں۔
کمشنر ڈاکٹر ناصر محمود بشیر نے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ دریاؤں اور رود کوہیوں کے سیلاب سے بروقت نمٹنے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر کام کئے جائیں،حساس اور نشیبی علاقوں میں سیلاب سے متعلق بروقت اعلانات ،منادی اور آگاہی مہم چلائی جائے، تحصیل، ضلع اور ڈویژنل کنٹرول روم پی ڈی ایم اے کے ساتھ قریبی رابطہ میں رہیں،ہر دریا اور رود کوہیوں کےلئے مینجمنٹ پلان مرتب کیا جائے،محکموں کی طرف سے حساس علاقوں کا مشترکہ سروے اور فرضی مشقیں جاری رکھی جائیں،کمشنر ڈی جی خان نے کہا کہ فلڈ کیریئر چینلز اور قدرتی راستوں کی بروقت صفائی کرائی جائے،نشیبی اور حساس علاقوں سے آبادی کا بروقت انخلاءکرایا جائے،رود کوہیوں کے دروں اور دریاؤں کی صورتحال کو باقاعدگی سے مانیٹر کیا جائے نشیبی اور حساس علاقوں کی آبادی کے بروقت انخلاء کے لئے بروقت تیاریاں مکمل کی جائیں،فلڈ ریلیف کیمپس کی نشاندہی اور دیگر ممکنہ اقدامات اٹھائے جائیں،عوام کےلئے ضروری ادویات اور مویشیوں کی ویکسی نیشن کےلئے اقدامات اٹھائے جائیں ۔