ڈیرہ غازی خان، 24 جولائی(اے پی پی):رواں ماہ کے دوران ڈی جی خان ڈویژن میں غیر معیاری کھاد اور زرعی ادویات کا کاروبار کرنے والے ڈیلرز سے ایک کروڑ 63 لاکھ روپے مالیت کی کھاد اور پیسٹی سائیڈز ضبط کر لی گئی۔ا
س حوالے سے پیر کے روز کمشنر ڈاکٹر ناصر محمود بشیر کی زیرصدارت کراپ منیجمنٹ کمیٹی کے اجلاس میں بتایا گیا کہ کھاد اور پیسٹی سائیڈ کے 14 نمونے ناقص ثابت ہونے پر 36 کے افراد کے خلاف مقدمات درج کرکے 32 کو گرفتار کر لیا گیا ہے ۔اجلاس میں چاروں ڈپٹی کمشنرز مہر شاہد زمان لک،محمد سلمان لودھی،ڈاکٹر منصور بلوچ اور خالد پرویز،ڈی پی او ڈی جی خان حسن افضل،ڈائریکٹر زراعت مہر عابد حسین،مثالی کاشتکار اور متعلقہ افسران شریک تھے۔
اس موقع پر غیر معیاری کھاد اور زرعی ادویات دینے والے ڈیلرز پابند سلاسل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہےملاوٹی اور ناقص کھاد و زرعی ادویات ضبط کرنے اور قانون کے تحت دیگر کارروائی کےلئے ڈپٹی کمشنرز اور ڈی پی اوز کو احکامات جاری کردئیے گئے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر ڈاکٹر ناصر محمود بشیر نے کہا کہ کھاد اور زرعی ادویات کے نمونے باقاعدگی سے لئے جائیں اور نمونے ناقص ثابت ہونے پر سٹاک ضبط کرنے کےساتھ مراکز سربمہر اور ڈیلرز گرفتار کیا جائے ۔کمشنر نے کہا کہ غیر معیاری کھاد اور زرعی ادویات سے فصلوں کو ناقابل تلافی نقصان پہنچتا ہے ہم کسی بھی صورت کسانوں کا معاشی استحصال نہیں ہونے دینگے۔انہوں نے کہا کہ کسان معیاری زرعی لوازمات کےلئے سہولت سنٹرز جائیں اور کپاس کی فصلوں کا ماہرین معائنے جاری رکھیں۔