یوم عاشورہ کے سلسلے میں خوشاب پولیس کی جانب سے سیکورٹی کےفول پروف انتظامات

9

جوہرآباد(اے پی پی):یوم عاشورہ کے جلوسوں اور مجالس کے لیے شائستہ ندیم ڈی پی او خوشاب کی ہدایت پر خوشاب پولیس کی جانب سے یوم عاشورہ پر سیکورٹی کے فول پروف انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں اور اس سلسلہ میں جامع سیکورٹی پلان ترتیب دیا گیا ہے۔

 یوم عاشورہ کے دن ضلع خوشاب میں کل 77 جلوس جن میں 04 کیٹگری A کے، 06 کیٹگری B کے اور 67 کیٹگری C کے جلوس شامل ہیں جبکہ کل 97 مجالس جن میں 01 کیٹگری A کی، 01 کیٹگری B کی اور 95 کیٹگری C کی مجالس شامل ہیں۔ یوم عاشورہ کے دن خوشاب پولیس کے 1200 سے زائد پولیس افسران و جوان جن میں ضلع پولیس، ایلیٹ فورس، لیڈیز پولیس اور ٹریفک سٹاف کے اہلکار شامل ہیں سیکورٹی ڈیوٹی سرانجام دیں گے جبکہ پولیس کو رینجرز کی معاونت بھی حاصل ہو گی۔ یوم عاشورہ کے دن جلوسوں کی سیکورٹی کے لیے چھتوں پر ڈیوٹی مامور کی جائے گی اور تمام داخلی و خارجی راستوں کو قنات، خاردار تار اور بیریئر لگا کر بند کیا جائے گا جبکہ جلوسوں کے روٹس کی بذریعہ CCTV کیمرہ جات لائیو مانیٹرنگ بھی کی جائے گی۔ شائستہ ندیم ڈی پی او خوشاب کی ہدایت پر جلوسوں کی فول پروف سیکورٹی کے لیے 03 ٹیئرز میں ڈیوٹی لگائی گئی ہے اور جلوس انتظامیہ کی جانب سے فراہم کردہ رضاکار جن کو خوشاب پولیس کی جانب سے ٹریننگ دی گئی ہے لوگوں کی جامع تلاشی کے لیے پولیس کے شانہ بشانہ ڈیوٹی سرانجام دیں گے۔