ڈی جی خان، 30 اگست( اے پی پی): ڈیرہ غازی خان میں کپاس کی فصل کی صورتحال، پنجاب حکومت کے پروگرام “اب گاؤں چمکیں گے” اور پرائس کنٹرول کے حوالے سے اجلاس ڈپٹی کمشنر مہر شاہد زمان لک کی زیرصدارت منعقد ہوا۔اجلاس میں کپاس کی موثر دیکھ بھال کیلئے سرکاری سٹاف کو فیلڈ میں تعیناتی،کیڑوں،سنڈیوں کےحملوں کی خصوصی چیکنگ،گرانفروشوں کو جرمانوں کے ساتھ گرفتاریاں عمل میں لانے اور سرکاری محصولات نہ دینے والوں کی پراپرٹی و کاروبار سیل کرنے کے فیصلے کئے گئے ہیں۔اس موقع مہر شاہد زمان لک نے کہا کہ اسسٹنٹ کمشنرز فیلڈ میں کپاس کیساتھ پرائس چیکنگ کو یقینی بنائیں اور معاملات میں بہتری نہ لانے والے ریونیو افسران کو شوکاز نوٹس جاری کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ افسران زیر التوا انتقالات کی تفصیلات فراہم کرنیکے پابند ہیں اور ریونیو معاملات میں بہتری لانے والوں کی حوصلہ افزائی جاری رکھی جائیگی۔
انہوں نے کہا کہ آبیانہ،زرعی انکم ٹیکس و دیگر محصولات کی ریکوری کو یقینی بنایا جائے اور ٹیکس نادہندگان کی پراپرٹی فیکٹریوں،کارخانوں اور دکانوں کو سیل کردیا جائےاور کہا کہ مینوئل،ای رجسٹریوں،انتقالات کو روزانہ کی بنیاد پر مانیٹر کیا جائے۔ انہوں کہا کہ ریونیو افسران “اب گاؤں چمکیں گے” پروگرام کی ویلج میٹنگز کو یقینی بنائیں اورہر گاؤں میں صفائی کےعمل کی چھان بین،افرادی قوت کی تفصیلات فراہم کی جائیں۔
اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز رضوان نذیر،محمد اسد چانڈیہ،اسسٹنٹ کمشنرز عثمان غنی،زاہد اقبال،طارق شبیر،آصف قریشی،غلام محمد، سمیہ عثمان،اصغرصدیقی،زبیر خان،محمد یعقوب اور ریونیو افسران موجود تھے۔