اوکاڑہ یونیورسٹی میں یوم آزادی بھرپور جوش و جذبے سے منایا گیا

20

اوکاڑہ،14اگست) اے پی پی): یونیورسٹی آف اوکاڑہ میں یوم آزادی بھرپور جوش و جذبے سے منایا گیا۔ اس سلسلے میں رنگا رنگ تقریبات کا انعقاد  کیا گیا۔ تقریب پرچم کشائی میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد واجد اور اسسٹنٹ کمشنر رینالہ خورد چوہدری ضیااللہ سمیت انتظامی اسٹاف، اساتذہ اور طلباء کی ایک بڑی تعداد نے حصہ لیا۔

اس موقع پر یونیورسٹی گارڈز نے مارچ پاسٹ پیش کیا اور قومی ترانہ پڑا گیا۔ اس کے بعد کیک کاٹا گیا اور پاکستان کی تعمیر و ترقی کےلیے دعا کی گئی۔ تقریب کے اختتام پر کیمپس میں شجر کاری کی گئی جس میں وائس چانسلر، اسسٹنٹ کمشنر اور دیگر نے پودے لگائے۔

تقریب کے شرکاء سے بات کرتے ہوئے پروفیسر واجد نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ اوکاڑہ یونیورسٹی پیشہ وارانہ صلاحیتوں اور سچائی، ایمانداری اور حب الوطنی جیسی خصوصیات کے حامل طلباء تیار کرے گی جو کہ ملکی ترقی اور خوشحالی میں اہم کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے پاک فوج کی قربانیوں کو بھی خراج عقیدت پیش کیا۔

چوہدری ضیا اللہ نے اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان عظیم قربانیوں اور مشکلات کے بعد حاصل کیا گیا تھا۔انہوں نے کہا کہ  آج ہمیں چاہیے کہ ہم ان قربانیوں کا بھرم رکھتے ہوئے محنت اور لگن کے ساتھ اس ملک کو بہتری کی طرف لے کر جائیں، یونیورسٹی میں یوم آزادی کی تقریبات کا سلسلہ تقریبا ایک ہفتہ جاری رہا۔

ان تقریبات میں تقریری اور ملی نغموں کے مقابلہ جات کے ساتھ ساتھ سیمینارز بھی منعقد کیے گئے جن میں لیفٹیننٹ کرنل عثمان مسعود، اسے سی رینالہ چوہدری ضیااللہ اور وائس چانسلر پروفیسر واجد سمیت دیگر کئی مقررین نے اپنے خطبات میں نظریہ پاکستان کی ضرورت اور اہمیت واضع کی۔