اسلام آباد۔27اگست (اے پی پی):نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہاہے کہ بلوچستان دو ہمسایہ ممالک اور گوادر بندرگاہ کی وجہ سے تجارت کیلئے نہایت موزوں علاقہ ہے، بلوچستان میں صنعتی انقلاب کی شروعات کیلئے بھرپورکوششیں کی جائیگی۔ انہوں نے یہ بات اتوارکوکوئٹہ میں کوئٹہ چیمبر آف کامرس کے وفد سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ ملاقات میں بلوچستان سے تعلق رکھنے والی اہم کاروباری شخصیات نے شرکت کی۔ وزیراعظم نے کہاکہ بلوچستان نہ صرف پاکستان میں رقبے کے لحاظ سے سب سے بڑا صوبہ بلکہ دو ہمسایہ ممالک اور گوادر بندرگاہ کی وجہ سے بھی تجارت کیلئے نہایت موزوں علاقہ ہے۔ انہوں نے کہاکہ بلوچستان میں معدنیات کے کثیر ذخائر اور وسیع پیمانے پر زرعی اراضی ہونے کی وجہ سے اسے صنعتوں کا مرکز ہونا چاہئیے۔وزیرِ اعظم نے کہاکہ نگران حکومت اپنے مختصر عرصے میں بھرپور کوشش کرے گی کہ بلوچستان میں صنعتی انقلاب کی شروعات ہو۔ انہوں نے کہاکہ حال ہی میں قائم خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل سے بلوچستان کے زیادہ سے زیادہ مستفید ہونے کی کوشش کی جائیگی۔ وفد نے وزیرِ اعظم کو بلوچستان میں کاروباری برادری کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔ وزیرِ اعظم نے ان مسائل کے حلکی یقین دہانی کروائی۔