بھکر،14اگست (اے پی پی ): ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر نور محمد اعوان نے کہا ہے کہ نوجوان نسل اس ملک کا قابل فخر سرمایہ ہیں، کھیل کا میدان ہو یا ملکی ترقی کے دیگر امور سب کو آگے بڑھ کر مضبوط پاکستان کیلئےاپنا تعمیری کردار ادا کرنا چاہیے تاکہ آئندہ نسلوں کو ایک خوشحال پاکستان سپرد کیا جاسکے۔
یہ بات ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر نور محمد اعوان نے سپورٹس جیمنزیم میں جشن آزادی کے سلسلہ میں بھکر اور لیہ کی ٹیموں کے مابین کھیلے گئے فائنل کبڈی میچ کے اختتام پر کھلاڑیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔
ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر نور محمد اعوان نے کہا کہ ہم سب پر ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ پاکستان کو خوشحالی اور مضبوطی کی راہ پر گامزن کرنے کیلئے اپنے دائرہ کار کیمطابق سونپے گئے فرائض کامل ایمانداری سے ادا کریں تاکہ پاکستان کے استحکام کو دوام بخشا جاسکے۔
بھکر کی ٹیم لیہ کے 27پوائنٹس کے مقابلے میں 35 پوائنٹس لے کر فاتح قرار پائی۔بعد ازاں ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر نور محمد اعوان نے دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں میں کیش انعامات اور ٹرافیاں تقسیم کیں۔
اس موقع پر ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر ملک حسنین لودھرا پنجاب ٹیبل ٹینس کے ایگزیکٹو ممبر قومی کھلاڑی سید مصطفی عادل،صدر انجمن تاجران رانا محمد اشرف،سرکاری افسران سمیت کبڈی دیکھنے کیلئے کثیر تعداد میں تماشائی بھی موجود تھے۔