بھکر،14 اگست (اے پی پی ): ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر نور محمد اعوان نے نے کہا ہے کہ قومی ترقی کے ہر شعبہ میں خواتین کا کردار خصوصی اہمیت کا حامل ہے، خوشحال پاکستان کے حصول کیلئے خواتین کو ملکی ترقی کے امور میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا ہوگا تاکہ مادر وطن کا شمار بھی دنیا کے ترقی یافتہ ممالک کی فہرست میں ہو۔
ان خیالات کا اظہار ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر نور محمد اعوان نے گورنمنٹ کالج برائے خواتین میں یوم آزادی کے موقع پر ادبی اور کھیلوں کے مقابلہ جات میں پوزیشن ہولڈرز طالبات میں انعامات تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر نور محمد اعوان نے کہا کہ زندگی کے مختلف شعبہ جات میں خواتین کی نمایاں شرکت خوش آئند امر ہے، قومی ترقی کے تمام تر امور میں خواتین مردوں کے شانہ بشانہ کام کر رہی ہیں ۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈی پی او محمد نوید نے کہا کہ وطن عزیز پاکستان کے قیام کے وقت مردوں کیساتھ ساتھ خواتین کو بھی بے پناہ مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ہے ۔ان کا مزید کہنا تھا کہ ضلع بھکر کے تعلیمی اداروں میں طالبات کی شاندار کامیابیاں اس بات کی دلیل ہیں کہ ضلع بھکر میں بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے ۔
ڈی پی او محمد نوید نے کہا کہ محنت و لگن کے اس جزبہ کو یونہی برقرار رکھا جائے تاکہ آئندہ نسلوں کو مضبوط اور خوشحال پاکستان سپرد کیا جاسکے۔
تقریب کے اختتام پر ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر نور محمد اعوان اور ڈی پی او محمد نوید نے پوزیشن ہولڈرز طالبات میں انعامات تقسیم کئے۔قبل ازیں ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر نور محمد اعوان اور ڈی پی او محمد نوید نے کالج کے احاطہ میں شجرکاری بھی کی۔