بھکر،17 اگست(اےپی پی): ریجنل پولیس آفیسرشارق کمال صدیقی نے ضلع بھکر کے 03 پولیس شہداء کے ورثاء میں پلاٹ کے ملکیتی کاغذات تقسیم کر دئیے ،ان میں شہید کنسٹیبل غلام یسین،گل محمد اور شکیل ناصر کے ورثا میں پلاٹس کے کاغذات تقسیم کیے۔
اس موقع پر آر پی او شارق کمال صدیقی نے کہا کہ شہداء کے ورثا کی دعائیں دنیاوی آزمائشوں کے سامنے ہمارے لیے ڈھال ہیں،ہم ان کے ساتھ ہمہ وقت کھڑے ہیں،ان شہداء کے بچوں کو محکمہ پولیس میں بھرتی کے علاوہ ان کو معیاری تقسیم کی فراہمی کو یقینی بنایا جا رہا ہے تا کہ وہ معاشرے میں باعزت مقام حاصل کر سکیں۔
اس موقع پر ڈی پی او بھکر محمد نوید اور ڈی ایس پی آرگنائزر کرائم مظہر حیات نون بھی موجود تھے۔ڈی پی او محمد نوید نے بتایا کہ ضلع بھکر کے کل 04 شہداء میں سے 03 کو پلاٹ جبکہ ایک شہید سب انسپکٹر محمد حیات کے بچوں کو شہید پیکج کے تحت مکان دے دیا گیا ہے، ان پلاٹوں پر مکانات کی تعمیر کے لیے آئی جی صاحب کی طرف سے فنڈ کے حصول کے لیے کوشش کی جا رہی ہے۔
رائل گارڈن کے چیرمین رانا محمد ارشد نے آر پی او اور ڈی پی اوکے اس اقدام کو خراج ِتحسین پیش کیا۔آر پی او شارق کمال صدیقی نے شہدا کی بہترین ویلفیئر کرنے پر ڈی ایس پی مظہر حیات نون کو تعریفی سند دینے کا بھی اعلان کیا ۔