بھکر،31 اگست(اے پی پی): آئی جی پنجاب کی جانب سے منشیات فروشوں کے خلاف مہم جاری ہے۔مہم کے دوران اب تک بھکر پولیس نے بھاری مقدار میں چرس اور سینکڑوں لیٹر شراب برآمد کر لی۔
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی منشیات فروشوں کے خلاف مہم کے تحت ڈی پی او بھکر محمد نوید کی قیادت میں بھکر پولیس کی جانب سے بھی منشیات فروشوں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے۔ مہم کے تحت آج تک کل 31 مقدمات درج ہوئے،کل 31 منشیات فروش گرفتار کیے گئے جبکہ مجموعی طور پر 19 کلو گرام سے زائد چرس برآمد کی گئی اور 552 لیٹر شراب برآمد کی گئی ہے جبکہ ناجائز اسلحہ ہولڈرز سے 15 عدد پسٹل 30 بور ، 03عدد کلاشنکوف اور 02 عدد بندوقیں برآمد کی گئیں ، بھکر پولیس کی طرف سے منشیات فروشوں کے خلاف ابھی مزید کاروائیاں جاری ہیں۔
ڈی پی او بھکر محمد نوید کا کہنا تھا کہ منشیات فروش قوم کے مستقبل کے دشمن ہیں، ان کے ساتھ کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی۔